جن افراد کے پاس ترکی میں رہنے کا قانونی حق نہیں ہے اور انہیں ملک بدر کیا جانا ہے، ایسے افراد کو بعض حالات میں انتظامی حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔ آپ کو انتظامی حراست میں مختلف وجوہات کی بنا پر رکھا جا سکتا ہے۔ موجودہ قانونی ضوابط کے مطابق اگر آپ کو ملک بدر کئے جانے کا فیصلہ لے لیا گیا ہے اور حکام کو یہ محسوس ہو کہ آپ اس دوران فرار یا غائب ہوسکتے ہیں تو وہ آپ کو عارضی طور پر انتظامی حراست میں رکھنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ ترکی میں داخلے یا خارجی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جعلی دستاویزات پیش کرتے ہیں، کسی ٹھوس وجہ کے بغیر وقت پر ترکی چھوڑنے میں ناکام رہتے ہیں، یا اگر حکام کو لگے کہ آپ ملک کے امن، عوامی سلامتی یا صحت عامہ کے لیے خطرہ ہیں تو آپ کو انتظامی حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان کو بھی کچھ غیر معمولی حالات میں انتظامی حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔
ترکی میں غیر ملکیوں کو کئی مختلف وجوہات کی بنا پر انتظامی حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔ ہم آپ کو مشورہ دیں گے کہ آپ اپنی ذاتی صورت حال سے متعلق قانونی مشورے کے لیے کسی وکیل سے بات کریں۔ اگر آپ اٹارنی کی فیس برداشت نہیں کر سکتے تو آپ اپنے صوبے میں بار ایسوسی ایشن کے قانونی امداد کے دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی کی انتظامی حراست کے حوالے سے نمبر پر کال کر کے بھی قانونی معلومات اور مدد حاصل کرسکتے ہیں:
0507 218 62 85
آپ کو جس بھی بنا پر انتظامی حراست میں رکھا گیا ہو، آپ کو بنیادی طریقہ کار کے تحفظات سے فائدہ اٹھانے کا حق حاصل ہے۔ ان میں سے پہلا حق یہ ہے کہ آپ جان سکیں کہ آپ کو انتظامی حراست میں کیوں رکھا گیا ہے اور پھر اس فیصلے کے خلاف اپیل کرسکیں۔
متعلقہ حکام کو سب سے پہلے آپ کو آپ کی زبان میں مطلع کرنا ہوگا کہ آپ کو کن بنیادوں پر انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے۔ اس معلومات میں یہ شامل ہونا چاہیے کہ انتظامی حراست کے فیصلے کے کیا نتائج ہوں گے، آپ اس فیصلے پر کیسے اپیل کر سکتے ہیں اور انتظامی حراست کتنی مدت کی ہوسکتی ہے۔ اگر آپ کے پاس کوئی وکیل یا قانونی نمائندہ ہے تو انہیں بھی اس کے بارے میں مطلع کیا جاتا ہے۔
انتظامی حراست کو جاری رکھنے یا نہ رکھنے کی ضرورت کے حوالے سے باقاعدگی سے ماہانہ جائزہ لیا جائے گا۔ اگر ضروری ہو تو ایک ماہ کی مدت ختم ہونے کا انتظار کیے بغیر یہ جائزہ پہلے بھی لیا جا سکتا ہے۔ اس جائزے کے نتیجے میں انتظامی حراست کی مدت کو یا تو بڑھایا جا سکتا ہے یا ختم کیا جا سکتا ہے یا پھر "انتظامی حراست کے متبادل” کہلانے والے دیگر اقدامات لاگو کیے جا سکتے ہیں۔ فیصلہ جو بھی ہو، یہ آپ کو آپ کی زبان میں بتایا جانا چاہیے۔ آپ انتظامی حراست کی مدت کے بارے میں مزید تفصیلی معلومات اس دستاویز میں آگے جاکر حاصل کر سکتے ہیں۔
آپ کو عدالتی طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے انتظامی حراست کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق بھی حاصل ہے۔ آپ ذیل میں اپیل کے طریقہ کار کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔
آپ کو حراستی مرکز میں میں رہتے ہوئے قانونی حقوق بھی حاصل رہیں گے۔ انتظامی حراست کے دوران آپ کو خوراک، بنیادی و ہنگامی صحت کی سہولیات کے ساتھ نفسیاتی صحت کی دیکھ تک رسائی کا حق حاصل ہے، بشمول ضروری حالات میں ہسپتال تک رسائی۔ اس کے ساتھ عمر اور جنس کی مناثبت سے مناسب رہائش، ٹیلی فون تک رسائی اور آپ کی قیمتی اشیاء کے لئے مناسب اور محفوظ جگہ۔ اس کے علاوہ آپ کو اپنے سفارت خانے یا قونصل خانے کو اپنی حراست کے بارے میں مطلع کرنے اور قونصلر مدد تک رسائی حاصل کرنے کا حق ہے۔
انتظامی حراستی مراکز وہ جگہیں ہیں جہاں ایسے افراد کو رکھا جاتا ہے جن کے پاس ترکی میں رہنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہوتی، جن کو ملک بدر کر دیا جائے گا، اور جن کے لیے انتظامی حراست کا حکم جاری کیا گیا ہو۔ انتظامی حراستی مراکز پریذیڈنسی آف مائیگریشن مینجمنٹ چلاتی ہے جو غیر ملکیوں سے نمٹنے والا ترک ادارہ ہے۔ پریزیڈنسی آف مائیگریشن مینجمنٹ کا مرکزی دفتر انقرہ میں ہے، اور اس کا دفتر ہر صوبے میں پراونشل ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن کے نام سے موجود ہے۔
انتظامی حراستی مرکز یا کسی دوسری حراستی جگہ پر رہنے سے آپ کے لیے اپیل دائر کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ آپ اپنی اپیل کی درخواست متعلقه حکام کے پاس جمع کروا سکتے ہیں تاکہ وہ اسے عدالت میں جمع کراسکیں۔ قانون کے مطابق حکام کو اپیل کی درخواستیں فوری طور پر متعلقہ حکام کو بھیجنے کی ضرورت ہے۔
تاہم، آپ کے خلاف کیے گئے انتظامی حراستی یا ملک بدری کے فیصلے جیسے دیگر فیصلوں پر اپیل کرنے کا طریقہ متعلقہ عدالت میں درخواست دے کر مقدمہ دائر کرنا ہے۔ قانونی چارہ جوئی کے عمل پیچیدہ ہیں اور اس کے لیے تکنیکی قانونی علم کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، عدالتی درخواستیں ترک زبان میں کی جانی چاہئیں، اور عدالت اور درخواست گزار کے درمیان تمام زبانی اور تحریری رابطہ بھی ترک زبان میں ہوتا ہے۔ اس لیے آپ کے لیے بہتر یہ ہے کہ آپ کی نمائندگی وکیل کرے تاکہ آپ اپنا دفاع زیادہ مؤثر طریقے سے ہو اور آپ اپنے حقوق حاصل کر سکیں۔
قانونی امداد کی خدمات ترکی میں ان لوگوں کے لیے دستیاب ہیں جنہیں قانونی خدمات کی ضرورت ہے اور وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ دونوں کے لیے مشکلات پیدا کیے بغیر اٹارنی کی فیس اور قانونی چارہ جوئی کے اخراجات ادا نہیں کرسکتے۔ انتظامی حراست میں موجود افراد بھی قانونی امداد کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
آپ کو یہ درخواست صوبائی بار ایسوسی ایشن کے لیگل ایڈ دفتر سے رابطہ کر کے کرنی ہوگی۔ ہر لیگل ایڈ دفتر کا درخواست کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے۔ آپ لیگل ایڈ دفتر کو فون کر سکتے ہیں یا اپنے حراستی مرکز میں حکام کو درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ کچھ بار ایسوسی ایشنز آپ کے خاندان کے افراد (جو حراست میں نہ ہوں) کی جانب سے دی گئی آپ کی درخواست کو بھی مدنظر رکھتی ہیں۔
بار ایسوسی ایشن کو اپنی قانونی امداد کی درخواست جمع کروانے کے بعد بار ایسوسی ایشن درخواست کا جائزہ لے گی اور اسے قبول یا مسترد کر سکتی ہے۔
قانونی مدد کے بارے میں مزید معلومات کے لیے اس موضوع پر ہمارے مواد کو یہاں کلک کر کے پڑھیں۔
آپ عدالتی رستہ اختیار کرتے ہوئے اپنے خلاف جاری انتظامی حراستی فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ موجودہ ضوابط کے مطابق انتظامی حراست کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کا جائزہ لینے کا متعلقہ ادارہ "کریمنل جج شپ فار پیس” ہے۔ یہ ضروری ہے کہ کریمنل جج شپ فار پیس اس درخواست کا پانچ دنوں کے اندر جائزہ لے اور اسے نمٹائے۔ تاہم اس مدت کو بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
اگر کریمنل جج شپ فار پیس آپ کی درخواست پر مثبت فیصلہ دیتا ہے تو آپ کو رہا کر دیا جائے گا۔ تاہم، آپ کو صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن مینجمنٹ اور دیگر حکام کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ آپ اپنی رہائی کے بعد اپنی ذمہ داریوں اور قانونی معاملات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ہماری تنظیم "ریفیوجی را ئٹس ٹرکی” سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
اگر کریمنل جج شپ فار پیس آپ کی درخواست کے بارے میں منفی فیصلہ دیتا ہے تو آپ کو انتظامی حراست میں رکھا جائے گا۔ آپ اس منفی فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل نہیں کر سکتے۔ تاہم، اگر آپ کو لگتا ہے کہ انتظامی حراست کی شرائط اب لاگو نہیں ہیں یا آپ کی صورتحال میں کوئی تبدیلی آئی ہے، تو آپ دوبارہ اپیل کر سکتے ہیں۔
انتظامی حراست میں افراد کو اپنی جگہ چھوڑ کر مقدمہ دائر کرنے کے لیے عدالت جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس لئیے اگر آپ اپنی اپیل کی درخواست خود دائر کرنے جا رہے ہیں تو آپ یہ درخواست حراستی مرکز میں حکام کے پاس جمع کرا سکتے ہیں۔ قانون کے مطابق، حکام پر لازم ہے کہ آپ کی درخواست فوری طور کریمنل جج شپ فار پیس کے پاس جمع کرائے۔ انتظامی حراست میں رہتے ہوئے قانونی مدد تک رسائی کے بارے میں تفصیلی معلومات کے لیے آپ یہاں متعلقہ سیکشنز کا جائزہ لے سکتے ہیں یا ہمارے نمبر پر کال کر کے معلومات حاصل کر سکتے ہیں:
0507 218 62 85
ترکی میں کسی غیر ملکی کو ان کی شہریت والے ملک یا پھر کسی ایسے ملک جہاں وہ سفر کرسکتا ہے، وہاں بھیجنے کے عمل کو ملک بدری کہتے ہیں۔ ملک بدری کا فیصلہ درج ذیل افراد کے لیے کیا جاتا ہے:
۔ وہ لوگ جو ترکی میں قانونی داخلے یا خارجی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں یا خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرتے ہیں
۔ وہ لوگ جو ترکی میں داخلے، ویزا اور رہائشی اجازت نامے سے متعلق غلط معلومات یا دستاویزات کا استعمال کرتے ہیں
۔ وہ لوگ جو بغیر ورک پرمٹ کے کام کرتے پائے جاتے ہیں
۔ جو لوگ ترکی میں اپنے قیام کے دوران ناجائز ذرائع سے روزی کماتے پائے جاتے ہیں
۔ وہ لوگ جو ویزا یا ویزا کی استثنیٰ کی مدت سے دس دن سے زیادہ ترکی میں رہیں یا جن کا ویزا منسوخ ہو چکا ہو
۔ جن کا رہائشی اجازت نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے
۔ وہ لوگ جو بغیر کسی قابل قبول جواز کے دس دن سے زیادہ رہائشی اجازت نامے کی مدت کی خلاف ورزی کرتے ہیں
۔ جن کو امن عامہ، عوامی سلامتی یا صحت عامہ کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے
۔ وہ جو کسی دہشت گرد تنظیم کا لیڈر یا ممبر ہو یا کسی مجرمانہ تنظیم لیڈر یا ممبرہو
۔ وہ لوگ جن کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست مسترد کر دی گئی ہو، جنہیں بین الاقوامی تحفظ کا حق حاصل نہیں، اور وہ لوگ جن کی درخواست ناقابل قبول سمجھی جاتی ہے، واپس لے لی گئی ہوتی ہے، یا ایسا سمجھا جاتا ہے کہ واپس لے لی گئی ہے، جن کی بین الاقوامی تحفظ کی حیثیت ختم یا منسوخ ہو چکی ہوتی ہے، اور جن کے پاس یہ حق نہیں ہے کہ حتمی فیصلے کے بعد ترکی میں رہیں۔
آپ کو یا آپ کے قانونی نمائندے یا وکیل کو ملک بدری کے فیصلے کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ آپ کو اس فیصلے کے نتیجے کے بارے میں مطلع کیا جائے گا اور ساتھ ہی اس فیصلے کے خلاف اپیل کے طریقے اور اس کی آخری تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا جا ئے گا۔ اگر ضروری ہو تو آپ تشریحی معاونت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اگر ملک بدری کا فیصلہ جاری کیا جاتا ہے، تو آپ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے سات دنوں کے اندر متعلقہ انتظامی عدالت میں درخواست دے سکتے ہیں۔ اگر آپ مقررہ وقت کے اندر اپیل کرتے ہیں تو جب تک عدالت آپ کی اپیل کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ نہ کرلے، آپ کی ملک بدری کا عمل شروع نہیں کیا جائے گا ۔ دوسرے لفظوں میں، ملک بدری کے فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل ملک بدری کے عمل کو معطل کر دیتی ہے اور حتمی فیصلہ ہونے تک آپ ترکی میں قیام جاری رکھ سکتے ہیں۔
ملک بدری کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنا اور انتظامی حراست کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنا دو الگ الگ قانونی کارروائیاں ہیں۔ ملک بدری کے فیصلے پر اپیل کرنے سے آپ کی حراست براہ راست ختم نہیں ہوگی۔ انتظامی حراست میں رہتے ہوئے قانونی معاونت تک رسائی کے بارے میں تفصیلی معلومات کے لیے آپ متعلقہ سیکشنز کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ آپ ہمارے نمبر پر کال کر کے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں:
0507 218 62 85
وہ افراد جو جنگ، تنازعات، یا ظلم و ستم کی وجہ سے اپنے آبائی ممالک سے بھاگنے پر مجبور ہوئے ہیں، وہ ترکی میں بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست دینے کا حق رکھتے ہیں۔ قابل اطلاق مقامی قوانین کے مطابق انتظامی حراست میں موجود افراد کے ساتھ ساتھ آزادی سے محروم افراد بین الاقوامی تحفظ حاصل کرسکتے ہیں، چاہے ان کی حراست کی وجوہات کوئی بھی ہوں۔
بین الاقوامی قوانین کے تحت ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے افراد کو قانونی تحفظ فراہم کریں جو جنگ، تنازعات، یا ظلم و ستم کی وجہ سے اپنے آبائی ممالک یا سابقہ رہائش گاہوں سے فرار ہونے پر مجبور ہوئے ہوں اور جنہیں واپسی کی صورت میں اپنی جان یا آزادی کو خطرہ لاحق ہو۔ ریاستیں سیاسی پناہ کی درخواستیں وصول کرنے اور ان افراد کو جو مخصوص معیار پر پورا اترتے ہیں، ان کو ملک میں رہنے کی اجازت دینے کی پابند ہیں۔
ترکی کا موجودہ قانون سیاسی پناہ کے لیے "بین الاقوامی تحفظ” کا لفظ استعمال کرتا ہے۔ اس طرح یہ دونوں الفاظ مترادف ہیں۔ تاہم شامی شہریوں کے ساتھ ساتھ شام سے آنے والے مہاجرین اور بے وطن افراد کو ترکی میں "عارضی تحفظ” فراہم کی جاتی ہے۔
آپ بین الاقوامی تحفظ سے اس صورت میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں اگر آپ کو آپ کے ملک میں ظلم کا نشانہ بنایا گیا ہے یا آپ کو اپنے ملک میں نسل، مذہب، سیاسی رائے، قومیت یا کسی مخصوص سماجی گروپ کی رکنیت کی وجہ سے ظلم و ستم کا خوف ہے، یا اگر آپ کو اپنا ملک جنگ اور تنازعات کی وجہ سے چھوڑنا پڑا ہے۔ اس کے علاوہ آپ بین الاقوامی تحفظ اس صورت میں بھی حاصل کر سکتے ہیں اگر آپ کو موت کی سزا سنائے جانے یا سزائے موت بھگتنے کا خطرہ ہو، یا اگر آپ اپنے آبائی ملک واپس جانے پر تشدد یا دیگر توہین آمیز سلوک کا سامنا کرنا پڑے۔
اگر آپ کو اپنے آبائی ملک یا اپنی سابقہ رہائش والے ملک میں واپس جانے پر ظلم و ستم کے خطرے کا خوف نہیں ہے یا آپ نے کام کے مواقع یا تعلیم کے لیے اپنا ملک چھوڑا ہے، تو آپ بین الاقوامی تحفظ سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔ اسی طرح، سنگین اور غیر سیاسی جرائم کے لیے مقدمے سے بچنے کے لیے اپنا آبائی ملک یا اپنی سابقہ رہائش چھوڑنا آپ کو بین الاقوامی تحفظ کی حیثیت کے لیے اہل نہیں بنا سکتا۔ تاہم اگر آپ کی ذاتی صورت حال مذکورہ بالا زمروں میں سے کسی ایک سے ملتی جلتی ہے اور پھر بھی آپ کو تشدد، غیر انسانی یا ذلت آمیز سلوک، یا واپسی پر سزا کے خطرے کا خدشہ ہے تو ترک حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپ کو اپنے ملک سابقہ رہائش گاہ واپس نہ بھیجیں۔ یہ ذمہ داری ان افراد پر بھی لاگو ہوتی ہے جنہیں سزائے موت کا نشانہ بنائے جانے کا خطرہ ہے۔ اس لیے آپ کو "ذیلی تحفظ” دیا جا سکتا ہے جو ترکی میں بین الاقوامی تحفظ کی ایک قسم ہے۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی قانون کے تحت ایسے اور بھی کئی قسم کے افراد ہیں جن کو بین الاقوامی تحفظ کے دائرہ کار سے خارج کر دیا گیا ہے۔ ان میں وہ افراد شامل ہیں جنہوں نے انسانیت یا معاشرے میں امن کے خلاف جرائم کئے ہوں یا جنگی جرائم کے مرتکب ہوں۔
بین الاقوامی تحفظ کی اہلیت کے بارے میں مزید معلومات کے لیے آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی کی ریفیوجی سپورٹ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں:
+90 212 292 48 30
قابل اطلاق مقامی قوانین کے مطابق حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ یا تو آپ کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست پر کارروائی کریں یا فوری طور پر آپ کی درخواست کے بارے میں پریزیڈنسی آف مائیگریشن مینجمنٹ کو اطلاع دیں۔ اگر آپ نے پہلے ترکی میں بین الاقوامی تحفظ کی درخواست دی ہے تو براہ کرم حکام کو اس کے بارے میں آگاہ کریں۔ اگر یہ ترکی میں آپ کی پہلی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست ہے تو ہم تجویز کریں گے کہ آپ اسے بغیر تاخیر اور جہاں ممکن ہو تحریری طور پر جمع کرائیں۔ آپ کی درخواست میں یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی اہم ذاتی معلومات جیسے کہ نام، کنیت، قومیت، اور تاریخ پیدائش کے ساتھ ساتھ یہ وضاحت بھی کریں کہ آپ کو اپنے آبائی ملک یا اپنی سابقہ رہائش پر واپس جانے کا خوف کیوں ہے۔
موجودہ قانونی ضوابط کے مطابق آپ کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست پر متعلقه حکام فوری طور پر کارروائی کریں گے اور آپ کو اس عمل کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔ بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست دینے سے براہ راست انتظامی حراست ختم نہیں ہوتی۔
آپ کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست پر کارروائی کے بعد آپ کی درخواست کی وجوہات کی وضاحت کے لیے آپ سے انٹرویو کیا جائے گا۔ اس انٹرویو کی روشنی میں آپ کی درخواست کا مزید جائزہ لیا جائے گا اور فیصلہ کیا جائے گا۔
ترکی میں بین الاقوامی تحفظ کی درخواستوں کی جانچ دو طریقوں سے کی جاتی ہے۔ انہیں "نارمل طریقہ کار” اور "تیز طریقہ کار” کہا جاتا ہے۔ دونوں طریقوں میں بین الاقوامی تحفظ کی درخواستیں وصول کی جاتی ہیں، درخواست دہندگان کا انٹرویو لیا جاتا ہے، اور جانچ کے بعد درخواست پر فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انتظامی حراست میں موجود افراد کی طرف سے کی گئی بین الاقوامی تحفظ کی درخواستوں کا عام طور پر تیز رفتار طریقہ کار کے ذریعے جائزہ لیا جاتا ہے۔
تیز طریقہ کار کے ذریعے کی جانے والی تشخیص میں آپ کی درخواست کی تاریخ سے زیادہ سے زیادہ تین دن کے اندر آپ کا انٹرویو لیا جائے گا۔ اس انٹرویو کے دوران ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ اپنا ملک چھوڑنے کی وجوہات اور واپس جانے سے ڈرنے کی وجوہات تفصیل سے بتائیں۔ اسی طرح اگر آپ کے پاس اپنے حالات سے متعلق دستاویزات ہیں تو یہ ضروری ہے کہ آپ انہیں حکام کو فراہم کریں۔
انٹرویو کے بعد پانچ یوم کے اندر آپ کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اس تشخیص کے نتیجے میں آپ کی درخواست کے بارے میں مثبت یا منفی فیصلہ کیا جا سکتا ہے، یا تیز طریقہ کار کے بجائے عام طریقہ کار کے تحت آپ کی درخواست کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست دینے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو رہا کر دیا جائے گا۔ درخواست کی تشخیص کے نتیجے میں متعلقہ حکام آپ کو رہا کرنے، انتظامی حراست کے لیے متبادل اقدامات یا انتظامی حراست جاری رکھنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
اگر حکام کو آپ کی شناخت یا شہریت کی معلومات کی درستگی کے بارے میں شبہات ہیں تو وہ اس معلومات کی تصدیق کے لیے آپ کی انتظامی حراست جاری رکھنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ان لوگوں کے لیے انتظامی حراست کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے جنہیں امن عامہ یا عوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ سمجھا جاتا ہے، یا اگر حکام کو یہ لگے کہ ان عوامل کی نشاندہی کرنا تب تک ممکن نہیں ہو گا جب تک آپ کو انتظامی حراست میں نہیں رکھا جائے۔
اس کا مطلب ہے کہ آپ کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس فیصلے کے بارے میں وجوہات سمیت آپ کو یا آپ کے قانونی نمائندے یا وکیل کو آگاہ کریں۔ آپ کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے۔
چونکہ انتظامی حراست کے تحت افراد کی طرف سے بین الاقوامی تحفظ کی درخواستوں کا عام طور پر تیز رفتار طریقہ کار کے تحت جائزہ لیا جاتا ہے، اس لیے منفی فیصلوں کو چیلنج کرنے کا قانونی طریقہ عدالت سے رجوع کرنے کا ہے۔ آپ یا آپ کے قانونی نمائندے یا آپ کے وکیل کو فیصلے کی اطلاع کے پندرہ دنوں کے اندر اندر انتظامی عدالت میں اپیل کرنی چاہیے۔
انتظامی حراست میں رہتے ہوئے قانونی معاونت تک رسائی کے بارے میں تفصیلی معلومات کے لیے آپ متعلقہ سیکشنز کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی کے نمبر پر کال کر کے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں:
0507 218 62 85
آپ کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست کو "ناقابل قبول” سمجھا جا سکتا ہے اگر ان تین صورتوں میں سے کوئی ایک آپ کے کیس پر لاگو ہوتی ہے:
۔ آپ اپنے ملک کے بجائے کسی ایسے ملک سے ترکی آئے ہیں جہاں آپ ظلم و ستم اور جانی نقصان کے خدشے سے محفوظ قیام کر سکتے ہیں
۔ آپ نے پہلے بھی ترکی میں بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست دے تھی جو کہ مسترد کردی گئی تھی اور اس پر آپ کی اپیل بھی ناکام ہو گئی تھیں، اور اب آپ نے نئی معلومات یا وجوہات پیش کیے بغیر دوبارہ درخواست دی ہے
۔ اگر آپ نے پہلے ہی اپنے خاندان کے کسی فرد کے زریعے بین الاقوامی تحفظ کی درخواست دے رکھی ہے، اور اب آپ کوئی نئی معلومات پیش کئے بغیر اپنی ذاتی درخواست جمع کرانا چاہتے ہیں جو کہ پہلے سے موجود درخواست سے مختلف نہیں ہے۔
اگر حکام آپ کی درخواست کو ناقابل قبول سمجھیں تو وہ آپ کی درخواست پر مزید کاروائی جاری نہیں رکھیں گے۔
اگر حکام دیکھیں کہ آپ کسی ایسے ملک سے ترکی آئے ہیں جہاں آپ محفوظ زندگی گزار سکتے ہیں تو اس کا مطلب وہ سمجھتے ہیں ہے کہ آپ اس ملک میں پناہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد آپ کی محفوظ واپسی کے لیے متعلقہ ملک کے حکام سے رابطہ شروع کیا جائے گا۔ اگر آپ وہاں دوبارہ داخلے کے لیے اہل ہیں تو آپ کو اس ملک میں واپس بھیج دیا جائے گا۔ جب تک آپ کی واپسی کا عمل زیر التواء ہے آپ قانونی طور پر ترکی میں رہ سکتے ہیں۔ تاہم اب آپ کو بین الاقوامی تحفظ کا درخواست گزار نہیں سمجھا جائے گا۔ لہذا، آپ بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان کو فراہم کردہ حقوق اور خدمات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ اگر متعلقہ ملک آپ کی دوبارہ داخلے کی درخواست مسترد کردیتا ہے تو ترک حکام آپ کی فائل کو دوبارہ کھولیں گے اور حتمی فیصلے تک پہنچنے کے لیے آپ کی درخواست پر کارروائی جاری رکھیں گے۔
اگر آپ نے کوئی نئی وجہ پیش کیے بغیر دوبارہ درخواست دی ہے جسے ناقابل قبول سمجھا گیا ہے تو پھر آپ کی ملک بدری کا حکم جاری کیا جائے گا اگر آپ نے پہلے ہی اس کے خلاف اپیل نہیں کر رکھی۔
آپ کو یا آپ کے وکیل یا قانونی نمائندے کو آپ کی درخواست کو ناقابل قبول قرار دینے کے فیصلے سے مطلع کیا جائے گا۔ اس نوٹیفکیشن میں ناقابل قبول فیصلے کی وجوہات اور قانونی بنیادیں شامل ہوں گی۔ آپ کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے طریقے اور اپیل کے لیے وقت کی حدود کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔
فیصلے کی تاریخ سے پندرہ دن کے اندر آپ اس کے خلاف متعلقہ انتظامی عدالت میں اپیل کرسکتے ہیں۔ عدالت آپ کی اپیل پر پندرہ دن کے اندر حتمی فیصلہ دے دے گی۔ اگر انتظامی عدالت آپ کی اپیل مسترد کر دیتی ہے تو اپیل کا کوئی دوسرا طریقہ کار نہیں ہے۔ اس صورت میں آپ کی درخواست کا ناقابل قبول ہونا حتمی فیصلہ ہوگا۔ اگر حکام آپ کو کسی ایسے ملک میں واپس بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہیں جو آپ کے لیے محفوظ سمجھا جاتا ہے تو آپ کی واپسی کی کارروائی شروع ہوجائے گی۔ اگر آپ کی درخواست اس لئے ناقابل قبول سمجھی جاتی ہے کہ آپ نے پہلے جیسی درخواست دوبارہ دی ہے تو آپ کی ملک بدری کا حکم جاری کیا جائے گا۔
شامی شہریوں کے ساتھ شام سے آنے والے مہاجرین اور بے وطن افراد کو "عارضی تحفظ” فراہم کیا جاتا ہے۔ عارضی تحفظ کے نظام کے مطابق شام میں جاری تنازع کی وجہ سے وہاں سے آنے والے افراد کو شام واپس نہیں بھیجنا چاہیے۔ تاہم وہ لوگ جو "عارضی تحفظ” پرہیں اور ترکی میں داخلے یا باہر نکلنے کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہیں، اور جن کو عوامی سلامتی اور امن عامہ کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جاتا ہے، انہیں بعض شرائط کے تحت انتظامی حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔
انتظامی حراست کے فیصلے زیادہ سے زیادہ تیس دنوں کے لیے جاری کیے جا سکتے ہیں۔ ہر ماہ کی جانے والی تشخیص کے نتیجے میں اس تیس دن کی مدت میں توسیع کی جا سکتی ہے۔ اگر آپ ملک بدر کئے جانے کی وجہ سے انتظامی حراست میں ہیں تو یہ مدت کل چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ تاہم اس چھ ماہ کی مدت کو زیادہ سے زیادہ مزید چھ ماہ کے لیے بڑھایا جا سکتا ہے اگر آپ اپنے ملک کے بارے میں درست معلومات اور دستاویزات فراہم نہیں کرتے جو آپ کی ملک بدری میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں آپ کو ملک بدری کے مقصد سے زیادہ سے زیادہ بارہ ماہ تک انتظامی حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔
غیر معمولی حالات میں جن افراد نے بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست دے رکھی ہوتی ہے انہیں بعض صورتوں میں انتظامی حراست میں بھی رکھا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست کی بنیاد پر آپ کو انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے تو یہ زیادہ سے زیادہ تیس دنوں کے لئے ہوسکتی ہے۔
اگر حکام کے ساتھ ترک یا کسی دوسری عام زبان میں آپ کے لئے بات چیت کرنا ممکن نہیں ہے تو آپ کو اپنی زبان کے مترجم کی درخواست کرسکتے ہیں۔ حکام کی طرف سے فراہم کردہ ترجمان کے لیے آپ سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ اگر آپ کو زبانی یا تحریری چیزیں سمجھنے میں کسی قسم کی دشواری ہو رہی ہے تو ضروری ہے کہ آپ بلا تاخیر اس صورتحال کے بارے میں متعقلہ حکام کو آگاہ کریں۔
اس کے علاوہ، اگر آپ کو کوئی جسمانی یا ذہنی معذوری ہے جس کی وجہ سے آپ کو زبانی یا تحریری چیزیں سمجھنے میں مشکل ہوتی ہے تو آپ متعلقہ حکام سے درخواست کرسکتے ہیں کہ وہ آپ کو آپ کی ضروریات کے مطابق سہولیات اور ترجمان فراہم کریں۔۔
آپ کے خلاف جاری کردہ انتظامی حراست کا حکم کئی وجوہات کی بناء پر منسوخ ہو سکتا ہے۔ رموول سنٹر کے حکام آپ کی رہائی کی وجوہات، ترکی میں آپ کی حیثیت، آپ کے حقوق اور آپ کے کسی بھی فرائض کے بارے میں تحریری طور پر آپ کو آگاہ کریں گے۔ متعلقہ حکام کی طرف سے آپ کو جو دستاویز دی گئی ہے اسے سمجھنا آپ کے بہترین مفاد میں ہوگا۔ رہائی کے بعد کی معلومات کے لئے آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی یا اپنے صوبے کی دیگر غیر سرکاری تنظیموں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
اگر آپ کی ملک بدری کے عمل کے دوران یا انتظامی حراست کی ماہانہ تشخیص کے دوران آپ کو انتظامی حراست میں رکھنا غیر ضروری سمجھا جاتا ہے، تو آپ کو رہا کر دیا جائے گا۔ تاہم حکام آپ سے کچھ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ ان ذمہ داریوں یا فرائض کو انتظامی حراست کے متبادل اقدامات کہتے ہیں۔
انتظامی حراست کے لیے بہت سے متبادل اقدامات ہیں۔ تاہم سب سے عام طریقہ کار یہ ہے کہ جس شہر میں آپ کو آپ کی انتظامی حراست کے بعد منتقل کیا گیا تھا، آپ وہیں رہیں، حکام کو اپنی رہائش گاہ کا پتہ فراہم کریں اور باقائدگی سے مقررہ دنوں پر پراونشل ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن مینجمنٹ میں حاضری دیں۔
آپ کو یا آپ کے وکیل یا قانونی نمائندے کو انتظامی حراست کے متبادل اقدامات کے بارے میں تحریری طور پر مطلع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ آپ کو فیصلے کے نتیجے، اس کے خلاف اپیل اور اپیل کی آخری تاریخ کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔ آپ سے زیادہ سے زیادہ چوبیس ماہ کے لیے متبادل اقدامات کرنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔
اگر آپ انتظامی حراست کی متبادل کی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کرتے تو آپ کے خلاف انتظامی حراست کا فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔
کوئی بھی ایسا فرد جو 18 سال سے کم عمر ہو اور یا تو اپنے خاندان کے کسے فرد کے بغیر ترکی آیا ہو یا ان سے الگ ہوگیا ہو تو ایسے شخص کو "اکیلا نابالغ فرد” کہا جاتا ہے۔ اکیلے نابالغ افراد کو انتظامی حراست میں نہیں رکھا جانا چاہئے۔ اگر آپ اکیلے نابالغ ہیں اور آپ کو حراست میں لیا گیا ہے تو ہوسکتا ہے حکام کے پاس آپ کی عمر سے متعلق غلط معلومات ہوں۔ ایسے معاملات میں آپ کو فوری طور پر حکام کو اپنی اصل عمر بتانی چاہیے۔ اگر آپ کے پاس آپ کی تاریخ پیدائش یا عمر کو ظاہر کرنے والا کوئی شناختی کارڈ یا دستاویز نہیں ہے تو حکام آپ کی عمر کے تعین کے عمل شروع کرسکتے ہیں۔ عمر کے تعین کے بارے میں مزید معلومات کے لیے آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
انتظامی حراست میں افراد کو ہنگامی اور بنیادی صحت کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا حق ہے۔ اگر آپ کی صحت اچانک خراب ہوجائے تو حکام پر لازم ہے کہ وہ اس بارے میں فوری طور پر آپ کے قریبی صحت کے ادارے کو مطلع کریں۔
ترکی میں قانونی ضوابط کے مطابق اکیلے نابالغ افراد، معذور افراد، بوڑھے، حاملہ خواتین، اکیلی مائیں، بچوں کے ساتھ والد، یا ایسے افراد جنہیں تشدد، جنسی زیادتی یا دیگر سنگین نفسیاتی، جسمانی یا جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہو انہیں "خصوصی ضروریات” کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ اگر آپ کسی ایسی صورت حال سے گزرے ہیں یا کسی اور مخصوص حالت میں ہیں تو ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ بلا تاخیر حکام کو آگاہ کریں۔
خصوصی ضروریات والے افراد کے لیے کچھ اضافی انتظامات کیے جا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، موجودہ قانون کے مطابق اکیلے نابالغ افراد کو انتظامی حراست میں نہیں رکھا جاتا ہے۔ خصوصی ضروریات والے دوسرے لوگوں کے لیے بھی انتظامات کئے جاسکتے ہیں۔ کیا انتظامی حراست ضروری ہے یا جہاں آپ کو رکھا گیا ہے وہاں کے حالات آپ کی خصوصی ضروریات کے لیے موزوں ہیں یا نہیں اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس وجہ سے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنی نجی اور حساس صورتحال کو حکام تک پہنچائیں۔
اس کے علاوہ، اگر آپ کو کسی بھی طرح کے تشدد، جنسی زیادتی یا دیگر سنگین نفسیاتی، جسمانی یا جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، تو ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ بلا تاخیر حکام کو مطلع کریں۔ یہ بات قابل فہم ہے کہ آپ جس تشدد کا شکار ہوئے ہیں اسے شیئر کرنے میں آپ ہچکچا رہے ہیں۔ آپ حکام کو بتا سکتے ہیں کہ آپ ادارے میں ماہر نفسیات یا سماجی کارکن سے ملنا چاہتے ہیں۔ ترکی کے قوانین کے مطابق یہ ضروری ہے کہ آپ کو اس طرح کی کارروائیوں سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے مناسب علاج کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
انتظامی حراست میں موجو افراد کو اپنے رشتہ داروں تک رسائی حاصل کرنے اور ملاقات کرنے کا حق حاصل ہے۔ تاہم آپ کے رشتہ داروں یا ملاقات کے لئے آنے والوں سے ان شناختی دستاویز دکھانے کے لیے کہا جا سکتا ہے جو آپ کے درمیان رشتہ داری کو ثابت کرے۔
آپ کو انتظامی حراست میں رہتے ہوئے اپنے وکیل سے ملنے کا حق بھی حاصل ہے۔ اس کے علاوہ، آپ کو نوٹری پبلک، آپ کی شہریت والے ملک کے قونصلر حکام، یا اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین تک پہنچنے کا حق بھی ہے۔
اگر آپ رضاکارانہ بنیادوں پر اپنے آبائی ملک یا اپنی سابقہ رہائش والے ملک واپس جانا چاہتے ہیں تو آپ اپنے فیصلے سے حکام کو آگاہ کر سکتے ہیں۔ چونکہ یہ فیصلہ انتہائی اہم ہے، ہم آپ کو مشورہ دیں گے کہ آپ اس فیصلے کے اپنے زندگی پر اثرات کا مکمل جائزہ لیں اور پھر یہ قدم اٹھائیں۔
رضاکارانہ وطن واپسی کی درخواست کا مطلب انتظامی حراست کا خاتمہ نہیں ہے۔ یہ درخواست کرنے کے نتیجے میں آپ کی انتظامی حراست یا تو ختم کی جاسکتی ہے، انتظامی حراست کے متبادل اقدامات کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، یا آپ کو انتظامی حراست میں ہی رکھا جا سکتا ہے۔
رضاکارانہ وطن واپسی کے لیے سفر اور اسی کے اخراجات آپ خود ادا کریں گے۔ اگر آپ ان اخراجات کو پورا نہیں کر سکتے ہیں، تو جہاں ممکن ہو آپ کو امداد فراہم کی جا سکتی ہے۔ تاہم یاد رکھیں کہ اس طرح کی امداد فراہم کرنے میں وقت لگ سکتا ہے اور اس دوران آپ کو حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔
اگر آپ کے پاس سفری دستاویزات نہیں ہیں تو ان کی تیاری میں بھی وقت لگ سکتا ہے۔