بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان اور ان افراد کو جن کو تحفظ فراہم کردیا گیا ہے، وہ بعض شرائط کو پورا کرنے پر ترکی میں تعلیم سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندہ یا اس سے مستفید ہوچکے ہیں تو آپ اور آپ کے بچے کو ابتدائی، ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ ترک زبان کے کورسز اور پیشہ ورانہ تربیت تک رسائی حاصل ہوگی۔
ترکی میں تعلیم سمیت بین الاقوامی تحفظ کے دیگر حقوق اور خدمات سے مستفید ہونے کے لیے آپ کو اپنی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست مکمل کرنی ہوگی۔ لہذا بغیر کسی پابندی کے تعلیم تک رسائی کے لیے آپ کے پاس اپنا بین الاقوامی تحفظ درخواست گزار شناختی دستاویز ہونا ضروری ہے جو صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن مینجمنٹ کی طرف سے جاری کیا گیا ہو اور جس پر ’99’ سے شروع ہونے والا آپ کا غیر ملکی شناختی نمبر ہو۔ یہ نمبر ہر سطح کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ترک زبان کے کورسز اور پیشہ ورانہ تربیت تک آپ کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہوگا۔
موجودہ قانون کے مطابق تمام بچوں بشمول وہ بچے جنہیں بین الاقوامی تحفظ حاصل ہے یا انہوں نے اس کے لئے درخواست جمع کرا رکھی ہے، ترکی میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ لہذا، آپ کا بچہ سرکاری اسکول میں جا سکتا ہے۔
ترکی میں لازمی تعلیم 12 سال پر محیط ہے اور اس کے تین مراحل ہیں: پرائمری اسکول کے 4 سال (پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی جماعت)، 4 سال لوئر سیکنڈری اسکول (پانچویں، چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت)، اور 4 سال اپر سیکنڈری اسکول (نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت)۔ سرکاری اسکولوں میں تدریس کی زبان ترک ہے۔
اپنے بچے کو صحیح اسکول میں رجسٹر کرنے کے طریقے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے آپ اپنی رہائش کے شہر میں پراونشل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
اپنے بچے کو سرکاری اسکول میں داخل کرنے کے لیے آپ کو اپنے مقامی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ رجسٹریشن کے وقت آپ کو اپنے اور اپنے بچے کے بین الاقوامی تحفظ کا شناختی دستاویز دکھانے کی ضرورت ہوگی جس پر ’99’ سے شروع ہونے والا آپ کا غیر ملکی شناختی نمبر ہو۔ چونکہ اسکول میں اندراج آپ کی رہائش کی جگہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، آپ کو اپنے ضلع کے پاپولیشن اینڈ سول رجسٹری ڈپارٹمنٹ سے ایک سرکاری دستاویز کی ضرورت ہوگی جس میں آپ کا رہائشی پتہ لکھا گیا ہو۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ رجسٹریشن آپ کو قریب ترین پبلک اسکول میں بھیجے گا۔
آپ کو اپنے بچے کی سابقہ اسکول میں حاضری کا ریکارڈ یا ڈپلومہ دکھانے کی ضرورت بھی پڑسکتی ہے۔ اگر آپ کے پاس یہ دستاویزات نہیں ہیں تو صوبائی یا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے اندر قائم کردہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیشن آپ کے بچے کو کس کلاس میں داخل کرنا ہے، اس کی جانچ کرے گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیشن ایک زبانی یا تحریری امتحان لے گا اور اس کے بعد آپ کے بچے کو مناسب گریڈ میں رکھا جائے گا۔
وہ طلباء جنہوں نے کامیابی سے پبلک اسکول کی تمام ضروریات پوری کرلی ہیں انہیں سند حاصل کرنے کا حق ہے۔
تاہم اگر آپ کا بچہ بطور مہمان طالب علم رجسٹرڈ ہے تو اسے سند نہیں مل سکتی۔ اس طرح کے مسائل سے بچنے کے لیے براہ کرم اپنے بچے کی بین الاقوامی تحفظ کی رجسٹریشن جلد مکمل کریں اور رجسٹریشن کی تکمیل کے بارے میں اسکول انتظامیہ کو مطلع کریں۔
تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیم مفت ہے۔
جن بچوں نے کامیابی سے آٹھ سال کی لازمی تعلیم مکمل کر لی ہے وہ ہائی سکول میں داخلہ لینے کے حقدار ہیں۔ اس لیے آپ کو صوبائی یا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کو اپنے بچے کی پچھلی اسکول حاضری کو ظاہر کرنے والے دستاویزات پیش کرنا ضروری ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ جانچ پڑتال کرے گا اور آپ کو نتائج اور بچے کو کس کلاس میں داخل کرنا ہے اس کے بارے میں مطلع کرے گا۔ اس اطلاع کے بعد آپ اپنے بچے کو اس اسکول میں داخل کر سکتے ہیں ۔ درخواست کے عمل کے دوران اپنے بچے کا بین الاقوامی تحفظ کا شناختی دستاویز اپنے ساتھ رکھنا ضروری ہے۔
اگر آپ کے پاس اپنے بچے کی سابقہ اسکول حاضری کو ظاہر کرنے والی کوئی دستاویزات نہیں ہیں تو آپ کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے اہلکار آپ کے بچے کے لیے مناسب گریڈ لیول کا فیصلہ کرنے کے لیے تشخیص کریں گے۔ اس تشخیص کے فیصلے کے مطابق آپ اپنے بچے کا اسکول میں داخلہ کر سکیں گے۔
اگر آپ کے بچے نے پری ہائی اسکول کی تعلیم کسی دوسرے ملک میں مکمل کی ہے اور آپ اسے سائنس ہائی اسکول، سوشل سائنسز ہائی اسکول، اناتولین مذہبی و پیشہ ورانہ اسکول یا پیشہ ورانہ اور تکنیکی اناطولیہ ہائی اسکول میں داخل کرانا چاہتے ہیں تو اسے "لیزالیرگیچز سیستیم” امتحان دینے کی ضرورت ہے۔ اس امتحان کو دینے کے لئے ضروری ہے کا آپ کا بچہ ترکی کے کسی اسکول میں آٹھویں جماعت کا طالب علم ہو۔
اگر آپ کو رجسٹریشن کے دوران کسی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو براہ کرم اپنے رہائشی علاقے میں صوبائی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ یا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ سے رجوع کریں۔
جن طلباء نے کامیابی کے ساتھ سرکاری ہائی اسکول کی ضروریات پوری کی ہیں وہ ہائی اسکول ڈپلومہ یا سند حاصل کرنے کے حقدار ہیں۔ اگر آپ نے اپنی ہائی اسکول کی تعلیم ترکی میں مکمل نہیں کی ہے اور آپ کا ڈپلومہ/سرٹیفکیٹ آپ کے پاس نہیں ہے تو آپ کو ایک مساواتی سیکنڈری ایجوکیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے اوپن ایجوکیشن ہائی اسکول میں رجسٹر کرنا ہوگا۔ اگر آپ کی عمر 18 سال سے کم ہے تو براہ کرم اپنے رہائشی ضلع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے دفتر سے رجوع کریں اور پلیسمنٹ ٹیسٹ دینے کی درخواست کریں۔ اگر آپ نے اپنی ہائی اسکول کی تعلیم ترکی میں مکمل نہیں کی ہے مگر آپ کے پاس آپ کا ڈپلومہ/سرٹیفکیٹ ہے تو آپ کو ترکی میں تعلیمی اداروں کی طرف سے جاری کردہ ڈپلومہ کے ساتھ اپنے ڈپلومہ کے برابر ہونے کا تعین کرنے کے لیے ایکوئیلنسی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ ایسا کرنے کے لیے براہ کرم وزارت قومی تعلیم کی ویب سائٹ رجوع کریں یا اپنے رہائشی علاقے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ یا صوبائی ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ سے رجوع کریں: |
---|
کیا میں یا میرا بچہ گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے سیکنڈری اسکول یا ہائی اسکول میں داخلہ لے سکتا ہے؟ |
---|
وزارت قومی تعلیم ان لوگوں کے لیے گھر بیٹھے تعلیم کے مواقع فراہم کرتی ہے جو اپنی ثانوی یا ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے قابل نہیں۔ بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان یا جن کو تحفظ مل چکا ہے، وہ بھی گھر بیٹھے تعلیم کے ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ فی الحال ترکی میں گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے پانچ ادارے ہیں: سیکنڈری اسکول Açık Öğretim Ortaokulu ہائی اسکول Açık Öğretim Lisesi ووکیشنل ہائی اسکول Açık Öğretim Lisesi امام ہاتیپ ہائی سکول İmam Hatip Açık Öğretim Lisesi پیشہ ورانہ اور تکنیکی اسکول Mesleki ve Teknik Açık Öğretim Okulu ان اسکولوں میں تدریس اور امتحان کی زبان ترک ہے۔ گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے سیکنڈری اسکولوں کے لیے درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 14 سال ہونی چاہیے اور اس نے چوتھی جماعت مکمل کی ہونی چاہیے۔ ایسے طلباء کے لیے جنہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ترکی سے باہر مکمل کی ہے، آپ کو اپنے شہر کے صوبائی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ سے رجوع کرنے اور ایک مساواتی دستاویز حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنی مساوات کی دستاویز حاصل کرنے کے بعد آپ درخواست دینے کے لیے اپنے ضلع کے پبلک ایجوکیشن سینٹر، ووکیشنل ہائی اسکول یا امام ہتیپ ہائی اسکول سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کی ترک زبان تعلیم کے لئے ناکافی ہے تو آپ کو ترک زبان کے کورس کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ہائی اسکول، ووکیشنل اسکول یا گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے امام ہاتیپ ہائی اسکول میں رجسٹریشن کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ جن لوگوں نے اپنی ثانوی تعلیم ترکی میں کامیابی سے مکمل کرلی ہے انہیں رجسٹریشن کے لیے اپنا ڈپلومہ پیش کرنا ہوگا۔ وہ لوگ جنہوں نے اپنی ثانوی اسکول کی تعلیم بیرون ملک مکمل کی ہے انہیں مساوی دستاویز حاصل کرنے کے لیے صوبائی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ سے رجوع کرنا چاہیے اور اس دستاویز کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کرنی چاہیے۔ رجسٹریشن کے دوران آپ کو اپنے بین الاقوامی تحفظ کے شناختی دستاویز کی بھی ضرورت ہوگی۔ اپلائی کرنے کے لیے آپ اپنے ضلع میں پبلک ایجوکیشن سنٹر، ووکیشنل ہائی اسکول یا امام ہاتیپ ہائی اسکول جا سکتے ہیں۔ پیشہ ورانہ اسکولوں یا امام ہتیپ ہائی اسکولوں سے گھر بیٹھے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو کچھ پیشہ ورانہ تربیتی کورسز میں شرکت کے لئے ان کی رہائش گاہ کے قریب اسکول میں جانا پڑسکتا ہے۔ گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے پیشہ ورانہ اور تکنیکی اسکول ان طلباء کے لیے ہیں جنہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کر لی ہے اور جو پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارتیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ رجسٹر کرنے کے لیے آپ اپنے پرائمری اسکول ڈپلومہ یا اپنی مساوی دستاویز کے ساتھ پبلک ایجوکیشن سنٹر کا دورہ کر سکتے ہیں۔ آپ گھر بیٹھے تعلیم کے مواقع کے بارے میں جاننے کے لیے وزارت قومی تعلیم کے 147 نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے طریقہ کار اور نصاب کے بارے میں مزید معلومات کے لیے، براہ کرم گھر بیٹھے تعلیم سے متعلق وزارت قومی تعلیم کی ویب سائٹس دیکھیں: گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے ہائی اسکولوں سے حاصل کردہ ڈپلومہ کو عام ہائی اسکول ڈپلومہ کے برابر سمجھا جاتا ہے۔ اگر آپ یا آپ کا بچہ ہائی اسکول میں داخلہ لینے اور ہائی اسکول ڈپلومہ حاصل کرنے کے قابل نہیں ہوسکتا ہے تو آپ یا آپ کا بچہ گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے اسکول میں داخلہ لے سکتا ہے۔ اگر آپ اپنی گھر بیٹھے تعلیم کامیابی سے مکمل کرتے ہیں تو آپ کو ملنے والا ڈپلومہ آپ کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دے سکتا ہے۔ |
وہ افراد جو بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان ہیں یا ان کو ترکی میں جو بین الاقوامی تحفظ حاصل ہے، وہ یونیورسٹیوں میں تب داخلہ لے سکتے ہیں جب وہ کچھ شرائط کو پورا کریں۔
اعلیٰ تعلیم میں داخلہ لینے سے پہلے ترکی میں پرائمری اور سیکنڈری تعلیم مکمل کرنا ضروری ہے۔ جن طلباء نے سرکاری اسکولوں میں یا ترکی میں گھر بیٹھے تعلیم فراہم کرنے والے اسکولوں سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے وہ اس ضرورت پر پورا اترتے ہیں۔ تاہم وہ لوگ جنہوں نے ترکی سے باہر گریجویشن کی ہے یا جو اپنی پچھلی تعلیم کو ثابت نہیں کر سکتے انہیں اوپن ایجوکیشن ہائی سکول میں رجسٹر کرنا پڑے گا۔
تمام غیر ملکی افراد جو ترکی میں اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں اور ترکی کی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینا چاہتے ہیں انہیں غیر ملکیوں کے لئے امتحان پاس کرنے کی ضرورت ہے جو جامعات خود لیتی ہیں۔ آپ کو درخواست کی فیس ادا کرنے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔
تاہم غیر ملکیوں کے لئے امتحان 2023 میں ختم کردیا جائے گا اور اس کی جگہ جنوری 2023 سے "ٹرکش انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ ایڈمیشن اگزام” لیا جائے گا۔ یہ پورے ملک میں ایک جیسا امتحان ہوگا اور ہر جامعہ کا اپنا الگ امتحان ختم کردیا جائے گا۔ یہ امتحان ترک، جرمن، عربی، ، فرانسیسی، انگریزی اور روسی زبانوں میں ہوگا۔ 2022 میں اگر آپ ترکی میں غیر ملکی ہائی اسکول طالب علم ہیں تو یونیورسٹی میں جانے کے لئے آپ کو یہ نیا امتحان دینا ہوگا۔
غیر ملکی طلباء جو 2022-2023 تعلیمی سال میں پہلی بار ترکی میں ثانوی تعلیم (یعنی ہائی اسکولوں) میں داخلہ لیں گے وہ صرف ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز امتحان کے ساتھ ہی یونیورسٹیوں میں داخل ہو سکیں گے اور ٹرکش انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ ایڈمیشن اگزام ان پر لاگو نہیں ہوگا۔
اس کے علاوہ یونیورسٹیوں کو درخواست دہندہ کی سابقہ تعلیم سے متعلق اضافی دستاویزات کی درخواست کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ یونیورسٹی درخواست دہندگان کو اپنے شعبہ سے متعلق زبان کی مہارت کا مظاہرہ کرنے کو بھی کہ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ترک زبان کی مہارت کو ظاہر کرنے والی دستاویزات کی بھی ضرورت ہو سکتی ہے۔ لہذا ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ ان ضروریات کے بارے میں تفصیلی معلومات کے لیے غیر ملکی طلباء کے محکموں یا یونیورسٹی کی ویب سائٹس سے رجوع کریں۔
آپ یونیورسٹیوں میں دستیاب تعلیمی مواقع، یونیورسٹیوں کے داخلے کا طریقہ کار اور مزید معلومات کے لئے اس ویب سائٹ کو رجوع کرسکتے ہیں:
https://www.studyinturkey.gov.tr
اس کے علاوہ، غیر ملکی طلباء کے داخلے کے معیار اور یونیورسٹی کوٹہ، جو ہر سال اعلیٰ تعلیم کی کونسل کی ویب سائٹ پر شایع ہوتی ہے، وہ آپ ادھر دیکھ سکتے ہیں:
https://www.yok.gov.tr/ogrenci/kendi-imkaniyla-egitim-alanlar-yurt-disinda-lise-egitimi-alanlar
بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان یا جن کو ترکی میں بین الاقوامی تحفظ حاصل ہے، وہ یونیورسٹیوں کے گھر بیٹھے تعلیم کے پروگراموں میں اس صورت میں داخلہ لے سکتے ہیں اگر وہ کچھ ضروریات پر پورا اتریں۔ اگرچہ ان پروگراموں اور کورسز میں سے زیادہ تر کی تعلیم کی زبان ترک ہے، لیکن ایسے پروگرام بھی ہیں جہاں تدریس کی زبان ترک کے علاوہ کوئی اور زبان ہے۔ گھر بیٹھے تعلیمی پروگراموں اور رجسٹریشن کے تقاضوں اور طریقہ کار کے بارے میں مزید معلومات کے لیے، براہ کرم یونیورسٹیوں کی ویب سائٹس دیکھیں۔ |
---|
کیا یونیورسٹی کے طلباء کے لیے وظائف دستیاب ہیں؟ |
---|
طلباء کے لیے بہت سے اسکالرشپ دستیاب ہیں۔ پریزیڈنسی فار ٹرکس ابراڈ اینڈ ریلیٹڈ کمیونیٹیزغیر ملکی طلباء بشمول ان کے جن کو بین الاقوامی تحفظ حاصل ہے، ان کو مختلف اسکالرشپ فراہم کرتی ہے۔ درخواست کے طریقہ کار اور ان اسکالرشپ پروگراموں کے مواد کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ ٹرکی اسکالرشپس کی ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں: ٹرکی اسکالرشپس کے علاوہ ترکی میں قانونی قیام کا حق رکھنے والے غیر ملکی "ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فاؤنڈیشن اسکالرشپس برائے ہائر ایجوکیشن” کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس اسکالرشپ کے تحت طلباء کی تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں سالانہ 8 ماہ کی مدت کے لیے ماہانہ الاؤنس فراہم کیا جاتا ہے۔ مزید معلومات کے لیے، براہ کرم اس ویب سائٹ کو رجوع کریں۔ اسکالرشپ کے دیگر مواقع کے بارے میں مزید معلومات کے لیے آپ سول سوسائٹی کی تنظیموں سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔ |
تمام بچے، نوجوان اور بالغ جو ترک زبان سیکھنا چاہتے ہیں انہیں عوامی تعلیمی مراکز سے رجوع کرنا چاہیے۔ یہ مراکز مفت کورسز فراہم کرتے ہیں۔ رجسٹر کرنے کے لیے آپ کو اپنا بین الاقوامی تحفظ کا شناختی دستاویز پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔
اس کے علاوہ، کئی سول سوسائٹی تنظیمیں وزارت قومی تعلیم کی نگرانی میں مفت ترک زبان کے کورسز چلاتی ہیں۔ آپ یہ کورسز بھی لے سکتے ہیں۔
آپ پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کے لیے عوامی تعلیمی مراکز سے رجوع کر سکتے ہیں۔ یہ کورسز بلا معاوضہ پیش کیے جاتے ہیں۔ تاہم ہر پبلک ایجوکیشن سینٹر سالانہ بنیادوں پر کورس کی پیشکشوں کا تعین کرتا ہے اور طلب کے مطابق نئے کورسز فراہم کرسکتا ہے۔ لہذا، ہم تجویز کرتے ہیں کہ دستیاب کورسز کے بارے میں جاننے کے لیے آپ پبلک ایجوکیشن سینٹرز سے رجوع کریں۔ براہ کرم یہ بھی نوٹ کریں کہ ان کورسز میں داخلہ لینے سے پہلے آپ کو اپنے بین الاقوامی تحفظ کا شناختی دستاویز پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔
ٹرکش ایمپلائمنٹ ایجنسی بھی کئی پیشہ ورانہ کورسز فراہم کرتی ہے۔ آپ ان کے دفتر کا دورہ کر کے ان کورسز کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ سول سوسائٹی کی ایسی تنظیمیں ہیں جو وزارت قومی تعلیم کی نگرانی میں مفت مہارت کی تربیت اور پیشہ ورانہ کورسز فراہم کرتی ہیں۔