اکیلے نابالغوں کے حقوق اور طریقہ کار

ترکی میں 18 سال سے کم عمر ہر شخص کو بچہ سمجھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 18 سال سے کم عمر ہر شخص متعلقہ ترکی کے قوانین میں "بچوں” کو دیے گئے حقوق اور خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ جہاں آپ کو اس معلومات میں لفظ "بچہ” یا "نابالغ” نظر آتا ہے، اس سے مراد 18 سال سے کم عمر فرد ہے۔

 

اگر کوئی بچہ اپنی ماں، باپ، یا دوسرے بالغ دیکھ بھال کرنے والے یا رشتہ دار کے بغیر ترکی پہنچا ہے یا ترکی آنے کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوا ہے تو انہیں "غیر ساتھی بچہ” یا "غیر ساتھی نابالغ” کہا جاتا ہے۔ تمام بچے، قومیت، مذہب، جنس، یا کسی اور خصوصیت سے قطع نظر ترکی میں بچوں کو پیش کردہ حقوق اور خدمات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

 

خاندانی اور سماجی خدمات کی وزارت ترکی میں بچوں کے تحفظ کے لیے ذمہ دار سرکاری ادارہ ہے۔ جب بچوں کی شناخت ہو جاتی ہے کہ وہ اکیلے ہیں تو انہیں ان کی عمر اور جنس کے لیے موزوں سہولیات میں رکھا جاتا ہے جو وزارت خاندانی اور سماجی خدمات کے ذریعے چلائی جاتی ہیں۔ وہ ان پناہ گاہوں میں 18 سال کی عمر تک رہ سکتے ہیں۔ ان سہولیات کو سرکاری طور پر چائلڈ سپورٹ سینٹرز کہا جاتا ہے، لیکن اکثر انہیں "سہولیات”، "مرکز” اور "ڈارمیٹریز” بھی کہا جاتا ہے۔

اگر آپ ایک نابالغ ہیں اور ترکی میں تحفظ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کی عمر اور آپ کی حیثیت (کہ آپ اکیلے ہیں یا کسی کے ساتھ) کی شناخت ہونی چاہیے۔

 

اس بات کی شناخت کہ آیا آپ ایک نابالغ ہیں یا نہیں، پولیس افسران کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے جو بچوں کے ساتھ کام کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ یہ عمل متعلقہ سرکاری افسران یا غیر سرکاری تنظیموں کے عملے کی نشاندہی کے بعد شروع کیا جاتا ہے۔ پولیس افسران آپ کے کاغذات، جیسے کہ آپ کا پاسپورٹ، شناختی دستاویزات اور آپ کے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے جائزے کی بنیاد پر آپ کی عمر کا تعین کرتے ہیں۔ یہ سمجھنے کے لیے کہ آیا آپ کو اکیلے یا کسی کا ساتھی سمجھا جائے، پولیس افسران آپ سے آپ کے خاندان کے بارے میں کئی سوالات پوچھیں گے، آپ ان سے کیسے اور کب الگ ہوئے، اور پولیس افسران یہ معلومات ریکارڈ کرتے ہیں۔ اگر اس بارے میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ آپ کی عمر 18 سال سے کم ہے اور آپ اکیلے ہیں تو پولیس افسران آپ کے کئی طبی ٹیسٹ کروائیں گے، بشمول یہ جانچنے کے لیے کہ آپ کو کوئی بیماری تو نہیں۔ ان طریقہ کار کے اختتام پر آپ کو آپ کی عمر اور جنس کے لیے موزوں سہولت میں لے جایا جائے گا۔

 

اگر آپ کے پاس اپنی عمر ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویز نہیں ہے یا اگر حکام کو یقین ہے کہ آپ کی عمر 18 سال سے زیادہ نظر آتی ہے یا اگر کسی وجہ سے آپ کو ترک حکام نے پہلے 18 سال سے زیادہ عمر کے طور پر رجسٹر کیا تھا تو پولیس کی طرف سے عمر کا تعین ضروری سمجھا جا سکتا ہے۔

 

بچوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تربیت یافتہ پولیس افسران پھر عمر کے تعین کے لیے آپ کے ساتھ سرکاری ہسپتال جائیں گے۔ ان شناختی طریقہ کار کے تمام پہلو بلا معاوضہ ہیں۔ آپ کو کسی بھی چیز کی ادائیگی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

تمام سرکاری دستاویزات جو آپ اپنے ساتھ لائے ہیں، جیسے کہ آپ کی شناختی دستاویز، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ، تعلیمی ریکارڈ، یا کوئی بھی دستاویز جو آپ کی عمر کو ظاہر کرتی ہے آپ کو نابالغ کے طور پر شناخت کرنے کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ اگر آپ ان دستاویزات کو اپنے ساتھ ترکی نہ لاسکے ہوں تو اپنے خاندان کے کسی فرد یا رشتہ داروں سے ان دستاویزات کی اصل کاپیاں یا تصاویر حاصل کرنا شناختی طریقہ کار کے لیے مفید ہو گا۔

 

اگر آپ اپنی عمر کو ظاہر کرنے والی کوئی شناختی دستاویز پیش نہیں کر سکتے ہیں یا اگر حکام کو آپ کی عمر 18 برس سے زیادہ محسوس ہو تو آپ کی عمر کا تعین کیا جائے گا۔

عمر کا تعین ایک طبی معائنہ ہے جو اس صورت میں کیا جاتا ہے جب آپ کے پاس کوئی سرکاری دستاویز نہیں ہو، جیسا کہ پاسپورٹ یا شناختی کارڈ جس پر عمر موجود ہو، یا جب آپ کی عمر پر کوئی شک ہو۔ یہ تشخیص کسی ڈاکٹر یا ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے بورڈ کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔

 

انسانی جسم، خاص طور پر آپ کی ہڈیوں اور دانتوں کی نشوونما اور بلوغت کے دوران ہونے والی تبدیلیاں، ڈاکٹروں کو آپ کی عمر کی نشاندہی کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ سب سے عام طریقہ جس کے ذریعے ترکی میں نابالغوں کی عمر کا تعین کیا جاتا ہے وہ کلائی کی ہڈی کے ایکسرے کو دیکھ کر ہڈیوں کی نشوونما کے جائزے سے کیا جاتا ہے۔ دونوں جسمانی معائنہ اور ٹیسٹ، بشمول ایکس رے، ایسے کیے جاتے ہیں کہ آپ کو کوئی تکلیف یا نقصان نہ ہو۔ آپ کا معائنہ کرنے اور آپ کی عمر کا اندازہ کرنے والا ڈاکٹر آپ کو عمر کی تشخیص کے مقصد اور طریقوں کے بارے میں آگاہ کرے گا۔

 

بچوں کے ساتھ کام کرنے کی تربیت یافتہ پولیس افسر اور ضرورت پڑنے پر ایک مترجم، عمر کی تشخیص کے پورے طریقہ کار کے دوران آپ کے ساتھ ہوگا۔ شناختی عمل کے تمام مراحل بلا معاوضہ ہیں۔ آپ کو کسی بھی چیز کی ادائیگی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

عمر کی تشخیص کے عمل کے ذریعے کسی شخص کی عمر کی صحیح شناخت کرنا مشکل ہو سکتا ہے، اور اس وجہ سے آپ کو جو نتائج موصول ہوتے ہیں وہ بعض اوقات غلط بھی ہو سکتے ہیں۔ انسانی جسم کی نشوونما مختلف ممالک میں آب و ہوا، خوراک اور جینیاتی عوامل کی بنیاد پر مختلف رفتار سے ہو سکتی ہے۔ عمر کی تشخیص میں ان تمام عوامل کو مدنظر رکھنا چاہیے، لیکن ان کے اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ بعض اوقات عمر بلکل برابر بتانے کے بجائے کہہ دیا جاتا ہے مثلا "15 سے 17 سال کے درمیان”۔ اس صورت میں آپ کی عمر مختلف طریقے سے رجسٹرڈ ہو سکتی ہے، مگر یہ ڈاکٹر کی حتمی تشخیص پر منحصر ہے۔

 

عمر کی تشخیص کے نتائج پر اعتراض کرنا ممکن ہے۔ اس صورت میں آپ ہسپتال سے رجوع کر سکتے ہیں جہاں عمر کی ابتدائی تشخیص مکمل کی گئی تھی یا آپ متبادل ٹیسٹ کسی اور طبی سہولت کے فرانزک ڈیپارٹمنٹ سے کراسکتے ہیں جو عمر کی تشخیص میں مہارت رکھتا ہے۔ فرانزک میڈیکل ڈپارٹمنٹس میں عمر کا اندازہ صرف ہڈیوں کی نشوونما پر نہیں بلکہ مجموعی طور پر جسم کے جائزے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ابتدائی عمر کی تشخیص کے نتائج کو چیلنج کرتے وقت اس قسم کے مزید جامع تشخیص پر مبنی ٹیسٹ حاصل کرنا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے بعد آپ کو ان متبادل ٹیسٹوں کے نتائج صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن مینجمنٹ یا عدالت میں پیش کرنے چاہئیں۔ اس قسم کے کیس میں وکیل سے مشورہ کرنا اور اس کی مدد لینا ضروری ہے۔ ریفیوجی رائٹس ٹرکی آپ کو ان طریقہ کار کے بارے میں مشورہ دے سکتا ہے اور اپیل کے عمل میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔

ترکی اکیلے نابالغوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ خاندانی اور سماجی خدمات کی وزارت ایک ریاستی ادارہ ہے جو 18 سال سے کم عمر افراد کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ یہ وزارت نابالغوں کی رہائش گاہ پر نابالغوں کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے۔ وزارت کی تمام سہولیات بالکل مفت ہیں۔

غیر ہمراہ نابالغ افراد خاندانی اور سماجی خدمات کی وزارت کے زیر انتظام سہولیات میں قیام کرتے ہیں۔ 7 سال سے کم عمر بچے ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔ اگر آپ کی عمر 8 سے 17 سال کے درمیان ہے تو آپ اپنی عمر اور جنس کے مطابق مخصوص سہولیات پر رہیں گے۔ 8 سے 12 سال کے لڑکے اور لڑکیاں ایک مخصوص سہولت میں رہتے ہیں، جبکہ 13 سے 17 سال کی عمر کے لڑکے اور 13 سے 17 سال کی لڑکیاں الگ الگ سہولیات میں رہتے ہیں۔

 

استانبول جیسے صوبوں میں، جہاں مستقل بنیادوں پر اکیلے نابالغوں کی بڑی تعداد آتی ہے، آپ کو چند ہفتوں کے لیے عارضی سہولت میں رہنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔ عام طور پر آپ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے دیگر نابالغوں کے ساتھ مخصوص سہولیات پر رہیں گے۔ ادارہ جاتی نگہداشت کے تحت آپ کو ترک نابالغوں کے ساتھ بھی رکھا جاسکتا ہے۔ یہ اکثر کچھ خاص حالات یا سہولیات کی گنجائش سے متعلق مسائل کی وجہ سے ہوتا ہے۔

 

ہر سہولت کی ایک خاص گنجائش ہوتی ہے، مثال کے طور پر اوسطا 20 سے 40 نابالغ ایک ہی سہولت میں رہ سکتے ہیں۔ تاہم سہولیات کی حالت مختلف ہوسکتی ہے۔

 

سہولت میں رہنے والے ہر نابالغ کے پاس ایک "مشیر” ہوتا ہے جو ان کے لیے ذمہ دار ہوتا ہے۔ آپ کا مشیرایک اہلکار ہے جو اس سہولت میں ماہر نفسیات یا استاد کے طور پر کام کرتا ہے۔ یہ توقع کی جاتی ہے کہ آپ بنیادی طور پر اپنی ضروریات، سہولت پر درپیش کسی بھی چیلنج یا دیگر قسم کے خدشات اپنے مشیر کو بتائیں گے۔ جب آپ کو کسی سہولت پر رکھا جائے گا تو آپ کو بتایا جائے گا کہ آپ کا مشیر کون ہے، اور عام طور پر یہ مشیرآپ کو سہولت کے قواعد اور دیگر اہم معلومات کے بارے میں بھی آگاہ کرے گا۔ اپنے مشیر کے علاوہ آپ اس سہولت پر کام کرنے والے دیگر بالغ افراد بشمول اساتذہ، اہلکاروں، نرسوں، صفائی ستھرائی اور باورچی خانے کے اٹینڈنٹ، اورسہولت کے منتظمین سے بھی مشورہ کر سکتے ہیں۔

 

ایسی سہولیات جہاں آپ اور دیگر نابالغ بچے رہتے ہیں وہ جگہیں ہیں جو آپ کی عمر اور جنس کے لیے موزوں ہیں، اور جہاں آپ کی بنیادی ضروریات فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ  جگہیں آپ اور آپ کے ساتھیوں کی جسمانی اور نفسیاتی نشوونما میں مدد کے لیے بنائی گئی ہیں۔ یہ سہولیات کسی قسم کی پابندی یا سزا کی طرح محسوس کرنے کے لیے نہیں ہیں۔ اس کے برعکس، ان کا مقصد آپ کو تحفظ اور مدد فراہم کرنا ہے۔

ترکی کے قانون کے مطابق اگر آپ کو ایک غیر ساتھی بچہ سمجھا جاتا ہے، یعنی آپ کی عمر 18 سال سے کم ہے اور آپ کے خاندان کا کوئی فرد آپ کے ساتھ نہیں ہے، تو آپ کو ریاستی تحفظ کے تحت رہنا چاہیے۔ اس صورت میں آپ کو ریاستی سہولت میں ریاست کی دیکھ بھال میں رکھا جائے گا، جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے۔

 

متبادل کے طور پر آپ خاندان کے کسی رکن یا رشتہ دار کے ساتھ رہ سکتے ہیں اگر آپ کا کوئی ترکی میں ہے، یا کسی فوسٹر خاندان کے ساتھ۔۔ ان تمام حالات میں حکام کو آپ کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک تشخیص کریں گے۔ اگر آپ ترکی میں کسی رشتہ دار یا خاندان کے رکن کے ساتھ رہنے کی درخواست کرتے ہیں، تو خاندانی اور سماجی خدمات کی وزارت آپ کی درخواست کا جائزہ لیتی ہے اور آپ کے رشتہ دار کے حالات زندگی کا جائزہ لیتی ہے تاکہ یہ پتا لگایا جاسکے کہ آیا یہ خاندانی فرد/رشتہ دار آپ کا خیال رکھ سکتا ہے یا نہیں۔ وزارت کی طرف سے آپ کی درخواست کی منظوری کے بعد ہی آپ اپنے خاندان کے رکن یا رشتہ دار کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ ایک غیر ساتھی نابالغ کے لیے تنہا رہنا ممکن نہیں ہے۔ آپ کو یا تو کسی سہولت کی دیکھ بھال میں رکھا جائے گا، فوسٹر خاندان کے ساتھ رکھا جائے گا، یا جہاں قابل اطلاق ہو، آپ کے اپنے خاندان کے رکن کے ساتھ رکھا جائے گا۔

اگر آپ کے ساتھ نابالغ بہن بھائی ہیں تو خاندانی اور سماجی خدمات کی وزارت آپ کی اور آپ کے تمام بہن بھائیوں کی عمر اور جنس کی بنیاد پر ایک تشخیص کرتی ہے۔ اگر ممکن ہو تو بہن بھائیوں کو ایک ہی سہولت میں رہائش فراہم کرنا وزارت کی ترجیح ہے۔

 

جیسا کہ اوپر بتایا گیا ہے، 7 سال سے کم عمر کے بچے اور بچیاں ایک ہی سہولت میں ایک ساتھ رہ سکتے ہیں، 12-8 اور 17-13 سال کی لڑکیاں اور لڑکے اپنی عمر اور جنس کے لیے موزوں مختلف سہولیات میں رہ سکتے ہیں۔ اگر آپ اور آپ کے بہن بھائیوں کی عمر اور جنس اس کی اجازت دیتی ہے تو آپ ساتھ رہ سکتے ہیں۔ اگر آپ کے بہن بھائیوں کے ساتھ ایک ہی سہولت میں رہنا ممکن نہیں ہے، تو آپ کو ایک دوسرے کے قریب یا ایک ہی صوبے میں رہائش دی جائے گی، تاکہ آپ مستقل بنیادوں پر ایک دوسرے کو دیکھ سکیں۔

ایک غیر ساتھی نابالغ کے طور پر، آپ منسٹری آف فیملی اینڈ سوشل سروسز کی سہولیات میں اس وقت تک رہ سکتے ہیں جب تک کہ آپ 18 سال کے نہیں ہو جاتے۔ آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ اپنی 18ویں سالگرہ کے بعد سہولت چھوڑ دیں گے۔ ترکی میں 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو بالغ سمجھا جاتا ہے اور موجودہ طرز عمل کے مطابق، بالغ پناہ گزینوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی رہائش کا خود خیال رکھیں۔ دوسرے لفظوں میں، بالغ پناہ کے متلاشی افراد اپنے لیے مکان یا اپارٹمنٹ کرائے پر لیتے ہیں، اور وہ اپنی رہائش اور ضروریات خود مہیا کرتے ہیں۔

 

کچھ غیر معمولی حالات میں یہ ممکن ہو سکتا ہے کہ 18 سال کی عمر کے بعد بھی ان سہولیات میں رہنا جاری رکھ سکیں، اگر آپ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے یا کسی اور خاص حالات کے لیے ایسا کرنے کی ضرورت ہو۔ یہاں خاص حالات سے مراد ایسے حالات ہیں جہاں آپ کی صحت کسی اور جگہ فوری منتقل ہونے کی اجازت نہ دے۔ ایسے غیر معمولی حالات میں بھی سہولت کی گنجائش اور بعض صورتوں میں حفاظتی اقدام کی توسیع پر عدالت کا فیصلہ اس بات کا تعین کرنے میں اہم ہے کہ آیا آپ کے قیام کی مدت میں توسیع دی جاسکتی ہے یا نہیں۔

 

سہولیات میں رہنے والے غیر ساتھی نابالغوں کی اکثریت 18 سال کی عمر کے بعد اپنی زندگیوں کے بارے میں فکر مند ہوتی ہے، خاص طور پر اس بارے میں کہ وہ کہاں رہیں گے، وہ اپنی زندگی کو کیسے برقرار رکھیں گے اور انہیں کس طریقہ کار سے گزرنا پڑے گا۔ مستقبل کے بارے میں ان پریشانیوں کا ہونا معمول ہے۔ اگر آپ کو بھی اسی طرح کے خدشات ہیں تو آپ اپنے مشیر یا دیگر سہولیاتی عملے سے بات کر سکتے ہیں۔ آپ پناہ گزینوں کے حقوق ترکی کی ہاٹ لائن پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں:

+90 549 510 52 06

جب آپ ادارہ جاتی نگہداشت میں موجود ہوں تو آپ اور دیگر غیر ساتھی نابالغ اپنے تمام حقوق اور تمام خدمات سے مفت مستفید ہو سکتے ہیں۔

 

ایک غیر ساتھی نابالغ ہونے کے ناطے، آپ پناہ گاہ کی امداد سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، یعنی آپ 18 سال کے ہونے تک خاندانی اور سماجی خدمات کی وزارت کے تحت کسی سہولت میں رہ سکتے ہیں۔ ان سہولیات کے جسمانی پہلو مختلف ہو سکتے ہیں: کچھ سہولیات میں آپ کسی اور کے ساتھ ایک کمرے میں رہ سکتے ہیں اور کہیں کہیں آپ کو اپنا ذاتی کمرہ مل سکتا ہے۔ آپ کی تمام ضروریات ان سہولیات میں فراہم کی جاتی ہیں، بشمول کھانے اور لباس کے۔ اس کے علاوہ، ان سہولیات میں ایک نرس موجود ہوتا ہے اور آپ کی صحت کے مسائل کا قریب سے مشاہدہ کیا جائے گا اور ان پر توجہ دی جائے گی۔ مزید طبی امداد کی ضرورت کی صورت میں آپ ہسپتالوں میں بھی جا سکتے ہیں۔

 

ایک اکیلے نابالغ کے طور پر ادارہ جاتی نگہداشت کے دوران اپنی تعلیم جاری رکھنا ممکن ہے۔ آپ اپنی عمر اور سابقہ تعلیمی سطح کے لیے موزوں رسمی یا گھر بیٹھے تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔ آپ کو ایک معمولی رقم مل سکتی ہے، جو ہفتہ وار یا ماہانہ بنیادوں پر دی جاتی ہے تاکہ آپ اپنی کچھ ذاتی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ مزید وہاں رہنے والے نابالغ بچوں کے لیے زبان سیکھنے کے کورسز، کھیلوں کی سرگرمیاں، پکنک اور دیگر سماجی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

 

غیر ساتھی نابالغوں کے کچھ اور حقوق بھی ہیں۔ ایک غیر ساتھی نابالغ کے طور پر، آپ ترکی میں سیاسی پناہ کی درخواست دے سکتے ہیں اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ اپنے آبائی ملک میں محفوظ نہیں ہوں گے اور اگر آپ کو واپس جانے کا خوف ہے۔ ترکی کے قوانین کے مطابق بچوں اور بڑوں سمیت کسی کو بھی ایسی جگہ واپس نہیں بھیجا جا سکتا جہاں ان کی جان کو خطرہ ہو۔ ترکی میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے کے حق کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ کرم نیچے پڑھیں۔

 

20 سے 40 نابالغ ان سہولیات پر اکٹھے رہتے ہیں جہاں غیر ساتھی نابالغوں کو رہائش دی جاتی ہے۔ سہولیات کے کچھ اصول ہیں جن کا مقصد آپ کے لیے حفاظت اور امن کے ساتھ رہنا ممکن بنانا ہے، اور یہ قواعد سہولت کے لحاظ سے مختلف ہو سکتے ہیں۔ یہ قواعد سہولت میں داخل ہونے اور باہر نکلنے، عام جگہوں کے استعمال، کھانے کے اوقات، حفظان صحت اور دیگر مضامین کا احاطہ کر سکتے ہیں۔ سہولت میں داخل ہونے پر آپ کو ان قواعد کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ آپ اس بارے میں مزید معلومات اپنے اساتذہ اور سہولت میں رہنے والے ساتھیوں سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

 

یاد رکھیں کہ وہ سہولیات جہاں غیر ساتھی نابالغوں کو جگہ دی جاتی ہے ان کا مقصد آپ کو سزا دینا یا آپ کی نقل و حرکت کو محدود کرنا نہیں ہے۔ اس کے برعکس، یہ آپ جیسے نابالغ بچوں کے لیے محفوظ طریقے سے رہنے کی جگہیں ہیں اور جہاں آپ اپنے بنیادی حقوق جیسے کہ رہائش اور صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ اصول آپ کو اور ساتھی نابالغ بچوں کو ایک ساتھ رہنے اور آپ کو محفوظ رکھنے میں مدد کرنے کے لیے بنائی گئیں ہیں۔

اکیلے نابالغوں کی ملازمت غیر ملکیوں کی ملازمت اور ترکی میں بچوں کی ملازمت دونوں سے متعلق کچھ اصولوں کے ساتھ مشروط ہے۔

 

سب سے پہلے، کچھ غیر معمولی حالات کے علاوہ ترکی کے قوانین کے مطابق 15 سال سے کم عمر کے افراد کے لیے کام کرنا ممنوع ہے۔ نیز، تمام غیر ملکیوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ترکی میں قانونی طور پر کام کرنے کے قابل ہونے کے لیے ورک پرمٹ حاصل کریں۔ ترکی میں ورک پرمٹ کے بغیر کام کرنا بہت خطرناک ہے کیونکہ اگر آپ کو اجازت نامے کے بغیر کام کرنے کے دوران کسی قسم کی پریشانی یا بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو آپ کو درخواست دینے اور پولیس یا دیگر سرکاری اداروں سے تعاون اور تحفظ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، اگر آپ ورک پرمٹ کے بغیر کام کرتے ہیں تو آپ کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بشمول جرمانہ کے۔

 

ترکی کے موجودہ قانون کے تحت، آجر یا مالک غیر ملکی ملازم کے ورک پرمٹ کے لیے درخواست جمع کراتا ہے۔ پھر آجر کی طرف سے فراہم کردہ معلومات اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد وزارت محنت اور سماجی تحفظ کی طرف سے ورک پرمٹ دیا جاتا ہے یا مسترد کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کام کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو پہلے اس سہولت پر اپنے مشیر سے بات کرنی چاہیے، کیونکہ آپ کا آجر یا مالک آپ کے لیے ورک پرمٹ کی درخواست صرف اس صورت میں جمع کرا سکتا ہے جب اسے اس سہولت کی انتظامیہ کی طرف سے اجازت ہو۔ ترکی میں روزگار کے بارے میں مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی ہمارے انفارمیشن پورٹل برائے مہاجرین پر لیبرمارکیٹ تک رسائی کے بارے میں اضافی مواد دیکھیں۔

 

ادارہ جاتی نگہداشت کے تحت اکیلے نابالغوں کے لیے ورک پرمٹ حاصل کرنا اور کہیں کام کرنا بہت عام بات نہیں ہے۔ ورک پرمٹ کے حصول میں دشواریوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے، اکیلے نابالغوں کو بنیادی طور پر اپنی پیشہ ورانہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہی لیبر مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ اگر آپ کے پاس ترکی میں تعلیم کے حق تک رسائی کے بارے میں سوالات ہیں تو آپ یہاں تعلیم سے متعلق سوالات پر مشورہ کر سکتے ہیں، یا ترکی میں پناہ گزینوں کے لیے ہمارے انفارمیشن پورٹل کے تعلیمی سیکشن پر جائیں۔

 

اگر آپ پیشہ ورانہ ہائی اسکول میں داخلہ لیتے ہیں اور ایک لازمی انٹرنشپ آپ کے اسکول کے نصاب کا حصہ ہے تو یہ ممکن ہے کہ آپ اپنے اسکول اور آپ کی پناہ گاہ کی انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ اپنی انٹرنشپ کو مکمل کریں۔

ان سہولیات پر واپس جانا ممکن ہے جہاں آپ پہلے ٹھہرے ہوئے تھے اور جو آپ نے بغیر اجازت کے چھوڑ دی تھی۔ آپ کو قریب ترین چائلڈ پولیس اسٹیشن یا براہ راست اس سہولت پر جانا چاہیے جس میں آپ قیام کرتے تھے تاکہ اس سہولت میں دوبارہ اندراج کیا جا سکے۔ اگر آپ کے نابالغ کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، یعنی اگر آپ کی عمر ابھی بھی 18 سال سے کم ہے اور آپ اکیلے ہیں تو متعلقہ طبی ٹیسٹ کروانے کے بعد ایک بار پھر آپ کو ادارہ جاتی نگہداشت میں لیا جاسکتا ہے۔

 

جس سہولت میں آپ رہ رہے ہیں اس کو بغیر اجازت کے چھوڑنا خطرناک ہے۔ آپ کو بد نیت لوگوں کا سامنا ہو سکتا ہے یا آپ سخت حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح بغیر اجازت کے کسی سہولت کو چھوڑنے کے بعد اپنے حقوق جیسے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال تک رسائی، رہائش تک رسائی، خوراک، جیب خرچ وغیرہ سے فائدہ اٹھانا ممکن نہیں ہے۔ اگر آپ اپنی پچھلی پناہ گاہ میں واپس جانے کے بارے میں مزید معلومات اور مدد حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی کی نابالغوں کے لیے نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں:

+90 549 510 52 06

خاندانی اتحاد آپ کے خاندان کے ممبران کے ساتھ واپس آنے کا عمل ہے جو مختلف ممالک میں رہنے کے بعد ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ ایسے اتحاد کے لیے اس ملک کے حکام کو جہاں آپ کے خاندان کے افراد ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں، کو اپنی اجازت دینی ہوگی اور خاندان کے ان افراد کے لیے سفری ویزا جاری کرنا ہوگا جو اس وقت اس ملک سے باہر رہ رہے ہیں۔ کن شرائط کے تحت خاندان کے افراد کو دوبارہ ملانے کی اجازت ہے اور خاندان کے دوبارہ اتحاد کے لیے درخواست دینے کے لیے کن دستاویزات کی ضرورت ہے وہ ہر ملک میں مختلف ہوتی ہیں۔

 

عام طور پر ممالک صرف میاں بیوی کو ایک دوسرے کے ساتھ دوبارہ ملنے کی اجازت دیتے ہیں اور غیر ساتھی نابالغوں کو اپنے والدین یا والدین کے ساتھ دوبارہ ملنے کی اجازت دیتے ہیں۔ کچھ ممالک میں یہ ممکن ہوسکتا ہے کہ نابالغوں کو اپنے بہن بھائیوں یا فرسٹ ڈگری رشتہ داروں (چچا، خالہ، دادی اور دادا) کے ساتھ دوبارہ ملایا جائے۔ رشتے کے علاوہ آپ کے کنبہ کے ممبر یا مطلوبہ ملک میں ممبران کی آمدنی اور قانونی حیثیت کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔

 

خاندان کے دوبارہ اتحاد کے بارے میں معلومات مطلوبہ ممالک کے قونصل خانوں سے یا این جی اوز یا وکلاء سے حاصل کی جا سکتی ہیں جو ان طریقہ کار سے آگاہ ہیں۔ آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ نابالغوں کے لیے خاندان کے دوبارہ اتحاد کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں:

+90 549 510 52 06

ترکی میں تعلیم ایک بنیادی حق ہے، اور جو بھی اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہے وہ کسی بھی عمر میں ایسا کرسکتا ہے۔ پناہ گاہ میں رہنے والے ایک نابالغ کے طور پر آپ اپنی تعلیم بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے مشیر سے بات کرنی چاہیے۔

 

ترکی میں تعلیم تک رسائی کے دو طریقے ہیں: پہلا طریقہ "رسمی تعلیم” کہلاتا ہے اور اس سے مراد دوسرے طلباء کے ساتھ اسکول میں کلاس روم میں کورسز میں شامل ہونا ہے۔ اور دوسرے کو "ڈسٹنس لرننگ” کہا جاتا ہے، جہاں آپ آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے خود کورسز کرتے ہیں اور اس کے بعد متعلقہ امتحانات دیتے ہیں۔

 

اگر آپ کی عمر 6 سے 14 سال ہے تو آپ کو اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم اسکول میں مکمل کرنی چاہیے۔ اگر آپ کی عمر 15 سال اور اس سے زیادہ ہے تو آپ اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم صرف فاصلاتی تعلیم کے ماڈل کے ذریعے مکمل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ نوعمر ہیں اور آپ نے ابتدائی اسکول اور سیکنڈری اسکول مکمل کیا ہے اور آپ کی عمر 14 سے 18 سال کے درمیان ہے تو آپ اپنی ہائی اسکول کی تعلیم رسمی طور پر یا فاصلاتی تعلیم کے ماڈل کے ذریعے مکمل کر سکتے ہیں۔

 

ترکی میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے پہلا قدم یہ طے کرنا ہے کہ آپ کس کلاس میں ہیں۔ افسران کو ایسی دستاویزات فراہم کرنا مددگار ہوگا جو آپ کی پچھلی تعلیم کو ظاہر کرتے ہیں، خاص طور پر اس کلاس کی جو آپ نے حال ہی میں مکمل کی ہے۔ وزارت تعلیم آپ کے گریڈ لیول کا تعین کرنے کے لیے ایک امتحان بھی لیتی ہے اگر آپ اپنی پچھلی تعلیم کی دستاویزات فراہم نہیں کر سکتے ہیں۔

 

ترکی میں تعلیم کی زبان ترک ہے۔ اگر آپ ابھی تک ترک زبان میں ماہر نہیں ہیں تو آپ کو "ہارمونائزیشن کلاسز” کے نام سے خصوصی کلاسوں میں بھیجا جا سکتا ہے، جہاں آپ سب سے پہلے ترک زبان سیکھنے پر توجہ دیں گے، اور پھر ترک زبان کی واقفیت کے ایک یا دو سمسٹروں کے بعد مناسب گریڈ تک جا سکتے ہیں۔

ترکی میں یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے پہلی شرط ہائی اسکول مکمل کرنا ہے۔ اگر آپ نے ہائی اسکول مکمل کر لیا ہے اور یونیورسٹی میں داخلے کے لیے دیگر شرائط کو پورا کیا ہے تو آپ ترکی میں یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ داخلے کی شرائط میں سے ایک غیر ملکی طالب علم کا امتحان دینا ہے اور ایک اسکور حاصل کرنا جو آپ جس یونیورسٹی میں جانا چاہتے ہیں اس کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔

 

ترکی میں یونیورسٹی کی تعلیم تک رسائی کے بارے میں مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی ترکی میں پناہ گزینوں کے لیے معلوماتی پورٹل کا تعلیمی سیکشن دیکھیں۔

اگر آپ جنگ کی وجہ سے یا ظلم و ستم کے خوف سے اپنے آبائی ملک واپس نہیں جا سکتے ہیں تو آپ ترک حکام کو بتا سکتے ہیں کہ آپ وطن واپس نہیں جانا چاہتے۔ اس عمل کو ترکی میں پناہ کی درخواست جمع کرانے کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پناہ کی درخواستیں صوبائی ڈائریکٹوریٹ فار مائیگریشن مینجمنٹ میں جمع کرائی جاتی ہیں۔

 

ترکی کی حکومت شام میں گزشتہ دہائی سے جاری تنازعہ کی وجہ سے ترکی پہنچنے والے شامیوں کو "عارضی تحفظ” فراہم کرتی ہے۔ اسی وجہ سے شامی شہری ترکی میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دیتے وقت عارضی تحفظ کے لیے درخواست دیتے ہیں۔ اگر آپ شامی غیر ساتھی نابالغ ہیں، تو عارضی تحفظ کے لیے درخواست دیتے وقت شام سے اپنی شناختی دستاویزات پیش کرنا مددگار ہوگا۔

 

شام کے علاوہ دیگر ممالک سے ترکی پہنچنے والے افراد کی طرف سے جمع کرائی گئی پناہ کی رخواستوں کو "بینالاقوامی تحفظ” کہا جاتا ہے۔ بین الاقوامی تحفظ کی درخواست جمع کرواتے وقت، آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ تفصیل سے ان وجوہات کی وضاحت کریں گے کہ آپ اپنے ملک میں واپس کیوں نہیں جا سکتے۔ اگر آپ کے پاس کوئی شناختی دستاویزات ہیں تو یہ مائیگریشن حکام کو فراہم کرنا اچھا ہوگا۔

 

اگر آپ عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کے لیے رجسٹریشن کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں یا رجسٹریشن کے بعد کے طریقہ کار کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تو برائے مہربانی پناہ گزینوں کے حقوق ترکی سے رابطہ کریں:

+90 549 510 52 06

جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے ترکی میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کا مطلب ہے اگر آپ شامی شہری ہیں تو عارضی تحفظ کے لیے اندراج کریں، اور اگر آپ شام کے علاوہ کسی اور ملک سے ہیں تو بین الاقوامی تحفظ کے لیے اندراج کریں۔

 

ترکی میں عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست جمع کروانے کے بعد آپ کو یہ حق حاصل ہے کہ جب آپ کی درخواست کا جائزہ لیا جا رہا ہو تب آپ کو زبردستی اپنے اصل ملک میں واپس نہ بھیجا جائے۔ لہذا، اگر آپ کو جنگ یا ظلم و ستم کی وجہ سے گھر واپس جانے کا خوف ہے تو ترکی میں سیاسی پناہ کے طریقہ کار کو فوری طور پر شروع کرنا بہت ضروری ہے۔

 

اسی طرح، اگر آپ عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کے تحت رجسٹر ہوتے ہیں تو آپ کو قانونی طور پر عارضی تحفظ کی شناختی دستاویز یا بین الاقوامی تحفظ کے درخواست گزار دستاویز کے ساتھ ترکی میں رہنے کا حق حاصل ہے۔ جب تک یہ دستاویزات درست ہیں، آپ قانونی طور پر ترکی میں قیام جاری رکھ سکتے ہیں۔

 

اس کے علاوہ، عارضی تحفظ اور بین الاقوامی تحفظ کی حیثیت آپ کو مختلف دیگر حقوق تک رسائی فراہم کرتی ہے:

جن شامی باشندوں نے اپنی عارضی تحفظ کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے وہ بنیادی حقوق، جیسے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی مفت میں حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ سماجی امداد کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

 

بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان اور سٹیٹس ہولڈرز کے پاس اگر اپنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ادائیگی کرنے کے ذرائع نہیں ہیں تو وہ اپنی رجسٹریشن کی تاریخ سے ایک سال تک صحت کی دیکھ بھال سے مفت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ایک سال کی مدت ختم ہونے کے بعد افراد سے اپنے صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات کی توقع کی جاتی ہے۔ اسی طرح، افراد موجودہ مواقع اور ترجیحات کے مطابق مفت صحت کی دیکھ بھال اور سماجی امداد سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ مشروط پناہ گزین اور ذیلی پناہ گزین کا درجہ رکھنے والوں کو اپنی حیثیت کی بنیاد پر اضافی حقوق اور مواقع تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔

 

ان میں سے زیادہ تر حقوق کسی قانونی حیثیت کے بجائے عمر کی وجہ سے غیر ساتھی نابالغوں کو دیے جاتے ہیں۔ اس وجہ سے اگر آپ ایک غیر ساتھی نابالغ ہیں تو آپ بہت سے حقوق اور خدمات سے مستفید ہو سکتے ہیں خواہ وہ یہاں درج ہوں یا نہ ہوں۔

ادارہ جاتی نگہداشت چھوڑنے کے بعد عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کے اندراج کے طریقہ کار کو مکمل کرنا ممکن ہے۔ درحقیقت، کچھ حالات میں صوبائی ڈائریکٹوریٹ برائے مائیگریشن مینجمنٹ درخواست کر سکتے ہیں کہ آپ کے رجسٹریشن کے طریقہ کار اور حیثیت کے تعین کا انٹرویو آپ کے 18 سال کے ہونے کے بعد مکمل کر لیا جائے کیوں کہ بچپن میں آپ کے لئے اپنے ملک واپس جانے کے خوف کا اظہار کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

 

اگر آپ سابق نابالغ ہیں (اگر آپ حال ہی میں 18 سال کے ہوئے ہیں) اور جنگ اور ظلم و ستم کے خوف کی وجہ سے اپنے اصل ملک واپس نہیں جا سکتے اور اس کے نتیجے میں عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں تو یہ بہت اہم ہے کہ آپ جلد از جلد ایسا کریں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ترکی میں تحفظ کے لیے درخواست دینے کا عمل ترکی میں آپ کے قیام کو قانونی بناتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں، پناہ گاہ چھوڑنے کے بعد اور اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے سے پہلے ترکی میں گزارا جانے والا کوئی بھی وقت غلط تصور کیا جاسکتا ہے اور ترکی میں آپ کے قیام کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

 

اگر آپ ایک غیر ساتھی نابالغ ہیں اور 18 سال کے ہونے والے ہیں اور پناہ گاہ چھوڑنے والے ہیں تو آپ کو ان طریقہ کار کے بارے میں مطلع کیا جانا چاہیے جن کے بارے میں آپ کو 18 سال کی ہونے پر آگاہ ہونا چاہیے۔ خاص طور پر ادارہ جاتی دیکھ بھال چھوڑنے کے بعد آپ کی زندگی اور سابق نابالغ کے طور پر آپ کے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں۔ آپ ذیل میں ادارہ جاتی دیکھ بھال چھوڑنے کے بعد زندگی کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے 10 ستمبر 2018 کو ترکی میں سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی رجسٹریشن اور حیثیت کے تعین کے طریقہ کار کو ختم کر دیا ہے۔ اگر آپ شامی شہری ہیں اور عارضی تحفظ کے تحت اندراج کرنا چاہتے ہیں، یا اگر آپ کسی دوسرے ملک سے ہیں اور ترکی میں بین الاقوامی تحفظ کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں تو آپ کو تحفظ کی درخواست دینے کے لیے اس صوبے کے صوبائی ڈائریکٹوریٹ فار مائیگریشن مینجمنٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔

18 سال کی عمر کے بعد زندگی کے بارے میں آگاہ کرنا بہت ضروری ہے، خاص طور پر آپ کی 18 ویں سالگرہ تک،جس وقت آپ سے پناہ گاہ چھوڑنے کی توقع کی جائے گی۔ آپ اس موضوع پر مزید معلومات اپنے مشیر سے بات کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ غیر ساتھی نابالغوں کے لیے ہماری ہاٹ لائن سے بھی رجوع کر سکتے ہیں:

+90 549 510 52 06

18 سال کی عمر کے بعد زندگی سے متعلق سب سے ضروری اور اہم مسائل میں سے ایک آپ کی رہائش ہے۔ ترکی میں بالغ پناہ گزینوں اور تارکین وطن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی رہائش کی ضروریات کا خیال خود رکھیں۔ ادارہ جاتی نگہداشت چھوڑنے والے ایک سابق نابالغ کے طور پر آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ شہر میں ایک مکان یا اپارٹمنٹ کرایہ پر لیں جہاں آپ پہلے سے رجسٹرڈ ہیں یا جہاں آپ عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کے لیے اندراج کروا سکیں گے۔ اگر آپ نے ابھی تک عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کے لیے اندراج نہیں کرایا ہے، تو آپ اپنے مشیر اور اپنے شہر کے صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن مینجمنٹ سے اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں اور اس بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے عارضی تحفظ یا بین الاقوامی تحفظ کی رجسٹریشن مکمل کرنا آپ کے قانونی قیام اور ترکی میں آپ کے حقوق اور خدمات تک رسائی کے لیے پیشگی شرط ہے۔

 

گھر کرائے پر لینا، فرنیچر خریدنا اور پناہ گاہ چھوڑنے کے بعد گھر کے مختلف اخراجات پورے کرنا بہت مہنگا ہے۔ اس وجہ سے، سابق نابالغ جو ایک ہی وقت میں کوئی پناہ گاہ چھوڑتے ہیں اکثر اکٹھے مکان کرایہ پر لینے اور اپنے اخراجات بانٹنے کا انتخاب کرتے ہیں۔ پناہ گاہ چھوڑنے والے سابق نابالغوں کے لیے نقد امداد کے کچھ مواقع ہیں، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو ترکی میں اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ موجودہ مواقع کے بارے میں مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی پناہ گزینوں کے حقوق ترکی سے رابطہ کریں۔

 

ایک سابق نابالغ ہونے کے ناطے آپ سے توقع کی جائے گی کہ آپ تمام سرکاری طریقہ کار کے ساتھ ساتھ پناہ گاہ چھوڑنے کے بعد کی ذاتی زندگی کی ذمہ داری قبول کریں گے۔ اس کے مطابق آپ کو اپنی تمام انتظامی ذمہ داریوں پر خود عمل کرنا چاہیے، بشمول صوبائی ڈائریکٹوریٹ فار مائیگریشن مینجمنٹ کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کرنا، اپنے رجسٹریشن والے شہر میں رہنا، اور اگر آپ سے کہا جائے تو دستخطی ڈیوٹی کے لیے باقاعدگی سے رپورٹ کرنا۔ آپ کو تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال تک اپنی رسائی کی پیروی کرنی چاہیے۔ آپ ہجرت اور پناہ کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات اور مشورے کے ساتھ ساتھ ترکی میں دیگر حقوق تک رسائی کے لیے پناہ گزینوں کے حقوق ترکی سے ہمیشہ رابطہ کر سکتے ہیں۔

ریفیوجی رائٹس ٹرکی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا مرکزی دفتر استنبول میں ہے۔ ریفیوجی رائٹس ٹرکی سرکاری اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں سے آزاد ہے۔ ریفیوجی رائٹس ٹرکی ترکی میں سیاسی پناہ کے طریقہ کار پر عمر اور قومیت سے قطع نظر غیر ملکیوں کو بلا معاوضہ معلومات، مشورہ اور مدد فراہم کرتا ہے۔ اس کے مطابق، ریفیوجی رائٹس ٹرکی رجسٹریشن اور اس کے بعد کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات، مشورہ اور معاونت فراہم کرتا ہے اور عارضی تحفظ اور بین الاقوامی تحفظ کے ساتھ ساتھ ملک بدری، انتظامی حراست اور دیگر حقوق تک رسائی کے بارے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔

ریفیوجی رائٹس ٹرکی اپنے استفادہ کنندگان کی طرف سے فراہم کردہ تمام معلومات اور دستاویزات کو سختی سے رازدارانہ سمجھتا ہے۔ آپ کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات اور دستاویزات تیسرے شخص یا دوسرے اداروں کے ساتھ آپ کی کھلی رضامندی کے بغیر مہیا نہیں کی جاتی ہیں۔

ریفیوجی رائٹس ٹرکی نابالغوں اور سابق نابالغوں کے لیے اضافی خدمات پیش کرتا ہے۔ اگر آپ نابالغ یا سابق نابالغ ہیں، تو آپ ریفیوجی رائٹس ٹرکی کی مخصوص ہاٹ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں، جو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان ترک، انگریزی، فرانسیسی اور عربی میں دستیاب ہے:

+90 549 510 52 06

ریفیوجی رائٹس ٹرکی نابالغوں کو ان کی شناخت کے حوالے سے مدد کرتا ہے اور مناسب سہولیات والی جگہ کا تعین کرتا ہے اور ان تمام طریقہ کار کے دوران ان کے ساتھ رہنا۔ ریفیوجی رائٹس ٹرکی غیر ساتھی نابالغوں کو ان کے خاندان کے دوبارہ اتحاد کی درخواستوں میں مدد کرتا ہے جہاں ان کے خاندان کے رکن یا ارکان کسی دوسرے  ممالک میں رہ رہےہوں۔ اگر آپ غیر ساتھی نابالغ یا سابق نابالغ ہیں، تو آپ اپنے رجسٹریشن کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ ترکی میں اپنے حقوق تک رسائی کے بارے میں سوالات کے لیے ریفیوجی رائٹس ٹرکی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ہم آپ کے آن لائن تجربے کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے کوکیز کا استعمال کرتے ہیں۔ ہماری ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے، آپ اس سے اتفاق کرتے ہیں. مزید جاننے کے لیے ہماری استعمال کی شرائط اور رازداری کی پالیسی پڑھیں